اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ کا بازار گرم ہے، جب سچ تسمے باندھ رہا ہوتا ہے تو جھوٹ پوری دنیا کا چکر لگا کر آ جاتا ہے، مخالفین کو سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ یہ کیا ہو گیا ہے، وہ ٹی وی پر کہہ رہے تھے کہ چند بچوں کو اکٹھا کر کے سکھایا ہوتا ہے، ان (مخالفین) کا قصور نہیں، انہوں نے جھوٹ میں آنکھ کھولی اور جھوٹ میں ہی پلے بڑھے، پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ جب میری حکومت ہے تو ملک بہت اچھا ہے لیکن جب میری حکومت نہ ہو تو باہر نکلو اور ملک کو جلا دو، آج تک ہم نے نہیں کہا کہ باہر نکلو اور ملک کو جلا دو کیونکہ حکومت کسی اور کی بھی ہو لیکن وطن تو ہمارا ہے۔
ڈیرہ غازی خان میں سکالرشپس کی تقسیم
پاکستان کی تاریخ کی پہلی وزیرِ اعلٰی محترمہ مریم نواز شریف نے پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں ’’ہونہار سکالرشپس پروگرام‘‘ کے تحت طلباء میں وظائف تقسیم کیے ہیں، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہونہار سکالرشپس کا آخری ڈویژن ہے، سکالرشپس کی تقسیم آج مکمل ہو جائے گی، بہت جلد لیپ ٹاپس اور ای بائیکس لے کر آپ کے پاس آؤں گی، چاہتی ہوں بچے اچھی سواری پر کالج اور یونیورسٹی جائیں، میں طلباء سے اتنا ہی پیار کرتی ہیں جتنا اپنے بچوں سے کرتی ہیں، جتنا طلباء کے والدین کو سکالرشپ لینے پر فخر ہے اس سے زیادہ مجھے فخر ہے۔
سکالرشپس کی تقسیم ختم ہونے کے بعد بہت جلد لیپ ٹاپس اور ای بائیکس لیکر بچوں کے پاس آرہی ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز pic.twitter.com/m7CZt171Rl
— The Thursday Times (@thursday_times) January 20, 2025
مخالفین نے جھوٹ میں آنکھ کھولی ہے اور جھوٹ میں ہی پلے بڑھے ہیں
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ میں جہاں بھی گئی بچوں نے مجھے بہت پیار دیا، مخالفین کو سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ یہ کیا ہو گیا ہے، وہ کچھ کہنے کی وجہ تلاش کر رہے ہیں، کل میں ٹیلیویژن دیکھ رہی تھی، مخالفین وہاں کہہ رہے تھے کہ چند بچوں کو اکٹھا کر کے سکھایا ہوتا ہے، ان (مخالفین) کا قصور نہیں، انہوں نے جھوٹ میں آنکھ کھولی اور جھوٹ میں ہی پلے بڑھے، مخالفین کو نہیں معلوم کہ بچوں اور میرے درمیان محبت کا کیسا رشتہ ہے، میرے کندھوں پر آپ (طلباء) کے مستقبل کا بوجھ ہے، آپ کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے میرے پاس دن رات محنت کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔
اگر کوئی ایک طالبعلم کہہ دے کہ اسے سفارش پر سکالرشپ ملی ہے تو میں استعفیٰ دے کر گھر چلی جاؤں گی
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایک بھی سکالرشپ میرٹ کے خلاف نہیں دی گئی، ہم نے 30 ہزار سکالرشپس دی ہیں، ایک بھی سکالرشپ کسی کی سفارش پر نہیں ملی، اگر کوئی ایک طالب علم یہ کہہ دے کہ اسے کسی وزیر یا کسی ایم این اے یا ایم پی اے کی سفارش پر سکالرشپ ملی ہے تو میں استعفیٰ دے کر گھر چلی جاؤں گی، اب ہر بچہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرے گا، کوئی بچہ اعلیٰ یونیورسٹی میں داخلے سے اس لیے محروم نہیں رہے گا کہ اس کے پاس وسائل کی کمی ہے، نئے تعلیمی سال میں 50 ہزار سکالرشپس دی جائیں گی، بہت جلدی سیکنڈ ایئر اور تھرڈ ایئر کے طلباء کیلئے بھی سکالرشپ دی جائیں گی۔
خیبرپختونخوا کے بچوں کی درخواستیں آ رہی ہیں کہ ہمارا بھی کچھ سوچیں
انہوں نے کہا کہ محدود وسائل میں رہ کر پڑھنا کوئی آسان کام نہیں ہے، آپ تمام بچے میرے ہیروز نہیں بلکہ سپر ہیروز ہیں، آپ نے شکریہ نہیں بولنا بلکہ سر اٹھا کر سکالرشپ لینی ہے، میں چاہتی ہوں کہ ہر بچہ سر اٹھا کر فخر سے چلے کہ سکالرشپ ملی ہے، خیبرپختونخوا کے بچوں کی درخواستیں آ رہی ہیں کہ ہمارا بھی کچھ سوچیں، میرا دل ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بچوں کیلئے بھی سکالرشپس لے کر جاؤں، پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جس کا یہ مطلب ہے کہ آئندہ چند سالوں میں نوجوان ہی ملک کا جھنڈا اٹھا کر فیصلے کریں گے۔
سوشل میڈیا پر جھوٹ کا بازار گرم ہے
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا آپ میں سے ہر بیٹا اور بیٹی پاکستان ہے، آپ میں سے ہر بچہ پاکستان کی اڑان میں حصہ ڈالے گا، آپ کے پاس ایک ایسی وزیرِ اعلٰی ہے جو وزیرِ اعلیٰ سے بڑھ کر آپ کی ماں ہے، پاکستان میں جھوٹ کا ایک سیلاب بھی آیا ہے، سوشل میڈیا پر جھوٹ کا بازار گرم ہے، جب سچ تسمے باندھ رہا ہوتا ہے تو جھوٹ پوری دنیا کا چکر لگا کر آ جاتا ہے، جب سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ آئے تو پہلے اپنے ملک کو سامنے رکھ کر دیکھو، یہ ملک ہماری ماں ہے۔
پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، یہ وطن ہماری ماں ہے
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، وطن ماں ہے، سب ہماری فورسز ہیں، پولیس جیسی بھی ہے آپ کی مدد کیلئے آتی ہے، رینجرز کے جوانوں کو گولیاں مار کر شہید کیا گیا، یہی رینجرز کے جوان ہماری جانوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ جب میری حکومت ہے تو کہو ملک بہت اچھا ہے لیکن جب میری حکومت نہ ہو تو کہو کہ باہر نکلو اور ملک کو جلا دو اور آگ لگا دو اور سر پھاڑ دو اور پٹرول بم بنا دو، یہ نہیں ہو سکتا۔
طلباء جو فیصلہ کریں گے اس کا اثر پورے ملک پر ہو گا
چیف منسٹر پنجاب کا کہنا تھا کہ جس طرح سکالرشپس میرٹ پر مل رہی ہیں اسی طرح جب آپ پاکستان کے بارے میں فیصلہ کر رہے ہوں تو وہاں بھی میرٹ کو دیکھیں، جو فیصلہ آپ کریں گے اس کا اثر پورے ملک پر پڑے گا، موٹرویز آپ کی سہولت کیلئے بنائی جاتی ہیں، نواز شریف نے آپ کی سہولت کیلئے موٹرویز بنائیں، ہم موٹرویز کے جال بچھاتے ہیں اور وہ (مخالفین) کہتے ہیں آ جاؤ آ کر توڑ دو جبکہ ان کے اپنے بچے آرام سے باہر بیٹھے ہیں، ان کے بچوں کو کوئی خطرہ نہیں، جو بچے ان کے ورغلانے پر آ گئے آج وہ کہاں ہیں؟ آج وہ بچے جیلوں میں ہیں اور انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔
حکومت کسی کی بھی ہو، وطن تو ہمارا ہے
وزیرِ اعلٰی پنجاب نے کہا کہ جو بچے جیلوں میں پڑے ہیں ان کے والدین سے پوچھیں، ان بچوں کو سکھایا کسی اور نے اور بھگتنا بچوں کو پڑ رہا ہے، آج وہ بچے معافیاں مانگ مانگ کر جیلوں سے باہر آ رہے ہیں، آپ نے کبھی کسی کے بہکاوے میں نہیں آنا، جن لوگوں نے ان کو بہکایا ان کے بچے ملک سے باہر آرام سے رہ رہے ہیں، میرے بدترین مخالف کی حکومت تھی جس نے مجھے ڈیتھ سیل میں رکھا، میری ماں چلی گئی، میرے بوڑھے والد کو جیل میں ڈالا گیا لیکن آج تک ہم نے نہیں کہا کہ باہر نکلو اور ملک کو جلا دو کیونکہ حکومت کسی اور کی بھی ہو لیکن وطن تو ہمارا ہے۔
ہم 9 مئی والے نہیں 28 مئی والے ہیں، ہم پاکستان والے ہیں
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قید کے وقت میں نے سیاسی مہم چلائی، مجھے میرے والد کہہ سکتے تھے کہ دوسروں کے بچوں کو آگے لاؤ، حکومت کسی کی بھی ہو پاکستان اور ملک تو میرا ہے، ہم 9 مئی والے نہیں ہم 28 مئی والے ہیں، ہم پاکستان والے ہیں، ہم پاکستان کی عزت کے رکھوالے ہیں، تذلیل کی زبان مخالفین کو مبارک ہو، ہم تدریس کی زبان والے ہیں، ہم ڈنڈا بردار نہیں ہیں، ہم عِلم کے عَلَم بَردار ہیں۔