آج سے امریکا کا سنہری دور شروع ہو رہا ہے، امریکا کو عظیم تر اور مضبوط تر بناؤں گا، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکا کا سنہری دور شروع ہو رہا ہے، امریکا کو عظیم تر اور مضبوط تر بناؤں گا۔ امریکا کے دفاع و آئین کے تحفظ کی قسم کھاتا ہوں، آج 20 جنوری آزادی کا دن ہے۔ امریکا دنیا میں سب سے زیادہ تیل و گیس کے ذخائر رکھتا ہے، ہم انہیں استعمال کرنے جا رہے ہیں۔

واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آج سے امریکا کا سنہری دور شروع ہو رہا ہے، میں امریکا کو عظیم تر اور مضبوط تر بناؤں گا، میری انتظامیہ ’’امریکا فرسٹ‘‘ کے نظریہ پر کار بند رہے گی، امریکا کے دفاع اور آئین کے تحفظ کی قسم کھاتا ہوں، امریکا جلد ہی پہلے سے زیادہ طاقتور اور پہلے سے زیادہ مضبوط اور پہلے سے زیادہ غیر معمولی ہو جائے گا، ہم اپنی خود مختاری دوبارہ حاصل کریں گے، آج 20 جنوری 2025 امریکا میں آزادی کا دن ہے، اس لمحے سے امریکا کا زوال ختم ہو گیا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ ’’امریکا فرسٹ‘‘ کے نظریہ پر کار بند رہے گی

امریکی صدارتی معرکہ 2024 میں فتح حاصل کرنے والے ری پبلکن راہنما ڈونلڈ ٹرمپ نے 47ویں امریکی صدر کی حیثیت سے عہدہ کا حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ آج سے امریکا کے سنہرے دور کا آغاز ہو رہا ہے، اب امریکا ترقی کی نئی منازل طے کرے گا اور دنیا بھر میں پھر سے امریکا کی عزت کی جائے گی، ہم کسی بھی ملک کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہمارا فائدہ اٹھائیں، ٹرمپ انتظامیہ ’’امریکا فرسٹ‘‘ کے نظریہ پر کار بند رہے گی، میں امریکا کے دفاع اور آئین و قانون کی حکمرانی کو یقینی بناؤں گا۔

امریکا جلد ہی پہلے سے زیادہ طاقتور، پہلے سے زیادہ مضبوط اور پہلے سے زیادہ غیر معمولی ہو جائے گا

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہماری اوّلین ترجیح ایک آزاد و قابلِ فخر اور خوشحال قوم کی تشکیل ہے، امریکا جلد ہی پہلے سے زیادہ طاقتور اور پہلے سے زیادہ مضبوط اور پہلے سے زیادہ غیر معمولی ہو جائے گا، ہم آج قومی کامیابی کے ایک نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں، امریکا میں تبدیلی کی لہر پھیل رہی ہے، سورج کی روشنی پوری دنیا پر پڑ رہی ہے اور امریکا کے پاس آج پوری دنیا میں فائدہ اٹھانے کا ایسا موقع ہے جو پہلے کبھی نہیں تھا، آج تمام چیزوں میں تبدیلی کے آغاز کا دن ہے اور سب کچھ بہت تیزی سے بدلے گا، ہم اپنی خود مختاری دوبارہ حاصل کریں گے اور سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

بنیاد پرست اور بدعنوان اسٹیبلشمنٹ نے ہمارے شہریوں سے طاقت اور دولت چھین لی

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کو اعتماد کے بحران کا سامنا ہے، کئی برسوں سے ایک بنیاد پرست اور بدعنوان اسٹیبلشمنٹ نے ہمارے شہریوں سے طاقت اور دولت چھین لی ہے، ہمارے معاشرے کے ستون ٹوٹ چکے ہیں اور بظاہر مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، گزشتہ حکومتیں امریکی شہریوں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہی ہیں، یہاں ایسے خطرناک مجرموں کو پناہ اور تحفظ فراہم کیا گیا جو دنیا بھر سے ہمارے ملک میں غیرقانونی طریقے سے داخل ہوئے۔

امریکا کی جنوبی سرحد پر قومی ایمرجنسی کا نفاذ

دوسری بار امریکی صدارت سنبھالنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سب سے پہلے جنوبی سرحد پر قومی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کرتا ہوں، آج سے تمام غیر قانونی لوگوں کا امریکا میں داخلہ روک دیا جائے گا، تارکینِ وطن اور لاکھوں جرائم کرنے والے غیر ملکیوں کو وہاں واپس بھیجنے کا عمل شروع کر دیا ہے جہاں سے وہ آئے تھے، میں امریکا میں تباہی پھیلانے کیلئے آنے والوں کو روکنے کیلئے جنوبی سرحد پر فوج بھیجوں گا، اب سے ’’خلیج میکسیکو‘‘ کا نام ’’خلیج امریکا‘‘ ہو گا۔

آج 20 جنوری 2025 آزادی کا دن ہے، اس لمحے سے امریکا کا زوال ختم ہو گیا ہے

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 8 برسوں کے دوران 250 سالہ امریکی تاریخ میں کسی بھی صدر سے زیادہ مجھے آزمایا اور چیلنج کیا گیا، میں نے اس سب سے بہت کچھ سیکھا ہے، مجھے خدا نے بچایا تاکہ میں امریکا کو دوبارہ عظیم بنا سکوں، امریکا میں ہر نسل اور ہر مذہب اور ہر رنگ کے محبِ وطن شہریوں کیلئے خوشحالی اور تحفظ لائیں گے، آج 20 جنوری 2025 آزادی کا دن ہے، اس لمحے سے امریکا کا زوال ختم ہو گیا ہے، اپنی کابینہ سے کہوں گا ریکارڈ مہنگائی کو شکست دیں اور فوری طور سے قیمتوں کو نیچے لائیں۔

نیشنل انرجی ایمرجنسی

امریکی صدر نے کہا کہ مہنگائی میں کمی کیلئے نیشنل انرجی ایمرجنسی کا اعلان کرتا ہوں، امریکا ایک بار پھر مینوفیکچرنگ کرنے والا ملک بن جائے گا، امریکا دنیا کے کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ تیل اور قدرتی گیس کے ذخائر رکھتا ہے اور ہم اسے استعمال کرنے جا رہے ہیں، ہمارے پیروں تلے مائع سونا ہونے کی وجہ سے امریکا ایک بار پھر امیر ملک بن جائے گا، تجارت میں اصلاحات کا آغاز کروں گا اور تمام محصولات جمع کرنے کیلئے ایکسٹرنل ریونیو سروس قائم کروں گا، اب یہ آمدنی غیر ملکی ذرائع سے آئے گی۔

امریکی سرزمین پر تیل اور گیس کی کھدائی میں تیزی لائیں گے

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ کارٹیلز کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کروں گا اور ایلینز دشمن ایکٹ 1798 کا اطلاق کرتے ہوئے ہدایت کروں گا کہ امریکی سرزمین پر غیر ملکی گروہوں کو ختم کرنے کیلئے وفاقی اور ریاستی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل اور بےپناہ طاقت کا بھرپور استعمال کیا جائے، میری انتظامیہ امریکی سرزمین پر تیل اور گیس کی کھدائی میں تیزی لائے گی، الیکٹرک وہیکل مینڈیٹ کو ختم کر دیں گے اور امریکا میں دوبارہ ایسی شرح پر آٹو موبائلز بنائیں گے جس کا کچھ سال پہلے کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: