پاکستان کا چینی کرنسی یوان میں پانڈا بانڈز جاری کرنے اور بجلی کے نرخوں میں کمی کا فیصلہ

پاکستان پہلی بار چینی کرنسی یوان میں پانڈا بانڈز کاری کریگا جس سے ماحولیاتی منصوبوں کو فنڈنگ کی جائیگی۔ صنعتوں کی بحالی کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی بھی متوقع ہے۔

باؤ، چین (تھرسڈے ٹائمز) — وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے چین میں جاری باؤ فورم کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان رواں سال پہلی بار چینی کرنسی یوان میں بانڈز جاری کرے گا۔ ان بانڈز کی مدد سے ماحولیاتی تبدیلی اور موسمیاتی منصوبوں کو فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے اب یہ ناگزیر ہو چکا ہے کہ وہ مغربی ممالک اور اسلامی سکوک بانڈز پر انحصار کرنے کی بجائے چین کی وسیع اور گہری مالی منڈیوں سے فائدہ اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ یوان بانڈز جاری کرنے سے نہ صرف معاشی ترقی کو فروغ ملے گا بلکہ یہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات میں بھی اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

وزیرِ خزانہ نے بجلی کے نرخوں میں فوری کمی کا عندیہ بھی دیا تاکہ صنعتوں اور خاص طور پر برآمدی شعبے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اُن کے مطابق پاکستانی صنعت کاروں کو طویل عرصے سے بجلی کے اضافی نرخوں کے بوجھ کا سامنا رہا ہے جس سے عالمی منڈی میں ان کی مسابقت شدید متاثر ہوئی۔ وزیرِ خزانہ نے واضح کیا کہ حکومت کی معاشی پالیسی اب داخلی کھپت کی بجائے برآمدات کو مرکزی حیثیت دے گی۔

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومت آنے والے بجٹ میں ریئل اسٹیٹ، ریٹیل اور زراعت جیسے شعبوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے جا رہی ہے تاکہ ٹیکس کے موجودہ بھاری بوجھ کو صنعتی شعبے سے کم کیا جاسکے۔ اس اقدام کا مقصد معیشت کو وسیع بنیادوں پر پائیدار ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اس سال اسٹیٹ بینک شرح سود میں مزید کمی کا اعلان کرے گا، جس سے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

یہ اقدامات پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی اقتصادی قربتوں اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی عکاسی کرتے ہیں۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: