پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل کرنے جا رہے ہیں، مذاکرات جلد ہوں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

ہم پاکستان کے ساتھ بہت جلد تجارتی ڈیل کرنے جا رہے ہیں اور اس حوالہ سے مذاکرات جلد ہوں گے، بھارت اور پاکستان کے درمیان مکمل اور فوری جنگ بندی کیلئے میری حکومت نے اہم کردار ادا کیا جس پر مجھے فخر ہے۔

واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ بہت جلد تجارتی ڈیل کرنے جا رہے ہیں، اس حوالہ سے پاکستان کے ساتھ مذاکرات جلد ہوں گے، میری حکومت نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک مکمل اور فوری جنگ بندی کروانے میں اہم کردار ادا کیا جس پر مجھے فخر ہے۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران پاک بھارت جنگ اور سیز فائر سے متعلق اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتہ کے روز میری حکومت نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک مکمل اور فوری جنگ بندی کروانے میں اہم کردار ادا کیا، میرا خیال ہے کہ یہ جنگ بندی مستقل نوعیت کی ہو گی جس سے دو ایٹمی قوتوں کے درمیان ایک خطرناک تصادم کا خاتمہ ہوا ہے، پاکستان اور بھارت شدید کشیدگی میں الجھے ہوئے تھے اور بظاہر اس کا اختتام ہوتا دکھائی نہیں دے رہا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کی قیادت نے غیر متزلزل اور مؤثر انداز میں حالات کی سنگینی کو سمجھا اور دونوں راہنماؤں نے غیرمعمولی حکمت، قوتِ فیصلہ اور بصیرت کا مظاہرہ کیا، ہم نے اس عمل میں تجارت کے ذریعہ بھی اپنا کردار ادا کیا ہے، میں نے ان سے کہا کہ آؤ ہم آپ کے ساتھ وسیع پیمانے پر تجارت کریں گے مگر پہلے یہ لڑائی بند کرو، اگر تم جنگ بند کرو گے تو ہم تجارتی معاہدے کریں گے اور اگر نہیں تو کوئی تجارت نہیں ہو گی۔

امریکی صدر نے کہا کہ لوگوں نے ماضی میں کبھی تجارت کو اس طرح سفارتی دباؤ کیلئے بطور آلہ استعمال نہیں کیا جیسے میں نے کیا اور مجھے اس پر فخر ہے، اچانک انہوں نے کہا کہ ہمیں رک جانا چاہیے اور وہ رک گئے، انہوں نے یہ فیصلہ کئی وجوہات کی بناء پر کیا مگر تجارت بھی ایک بڑی وجہ تھی، ہم پاکستان کے ساتھ وسیع پیمانے پر تجارت کریں گے، بھارت کے ساتھ بھی اور اس وقت بھارت کے ساتھ تجارتی مذاکرات جاری ہیں، جلد ہی ہم پاکستان کے ساتھ بھی تجارتی مذاکرات شروع کریں گے۔

امریکا کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ممکنہ ایٹمی تصادم کو روکا، ایک ایسا تصادم جس کے نتیجہ میں لاکھوں جانیں جا سکتی تھیں، مجھے اس بات پر بہت فخر ہے، میں نائب صدر اور وزیرِ خارجہ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس مقصد کیلئے بہت محنت کی، ان کی کوششوں سے یہ کامیابی ممکن ہوئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم نے پاکستان اور بھارت کے مابین جنگ رکوانے پر بہت مدد کی ہے، ہم نے انہیں تجارت کی آفر دی اور کہا کہ جنگ بند کریں اور ہمارے ساتھ تجارتی ڈیل کریں، ہم پاکستان کے ساتھ بہت جلد تجارتی ڈیل کرنے جا رہے ہیں اور جلد اس بارے پاکستان کے ساتھ مذاکرات ہوں گے۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: