اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کر دیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشنز میں اضافہ کا اعلان۔
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ
وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے، بجٹ دستاویز کے مطابق گریڈ 1 سے گریڈ 22 کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
ریٹائرڈ ملازمین کی پینشنز میں 7 فیصد اضافہ
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی حکومت کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین کی پینشنز میں 7 فیصد کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے جبکہ مسلح افواج کے افسران اور سپاہیوں کو بھی سپیشل الاؤنس دیا جائے گا جو آئندہ مالی سال کے مجوزہ دفاعی بجٹ سے پورا کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں محض 7 فیصد اضافہ کی تجویز مسترد کی
واضح رہے کہ بجٹ پیش ہونے سے کچھ دیر قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ کی تجویز مسترد کر دی تھی جس کے بعد وفاقی کابینہ نے 10 فیصد اضافہ کی منظوری دے دی تھی۔