کراچی (تھرسڈے ٹائمز) — وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیے جانے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل جاری، آج بینچ مارک KSE ہنڈرڈ انڈیکس میں 1 لاکھ 25 ہزار کے بعد 1 لاکھ 26 ہزار کی تاریخی حد بھی عبور ہو گئی۔
گزشتہ روز کی طرح آج بھی سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے ہی زبردست تیزی کا رجحان نظر آ رہا ہے، گزشتہ روز 1 لاکھ 24 ہزار 352 اعشاریہ 68 پوائنٹس پر بند ہونے والا سٹاک ایکسچینج آج 1 لاکھ 26 ہزار 615 اعشاریہ 89 پوائنٹس کی تاریخی سطح تک پہنچ چکا ہے۔
کاروباری ہفتہ کے چوتھے روز اب تک بینچ مارک KSE ہنڈرڈ انڈیکس میں مجموعی طور پر 2 ہزار 263 اعشاریہ 21 پوائنٹس (ایک اعشاریہ 79 فیصد) کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے اور پھر چوتھے روز نمایاں اضافہ کا یہ تسلسل منگل کے روز وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ کے بعد سامنے آیا ہے جو کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔
تجارتی حجم کو دیکھا جائے تو 51 کروڑ 37 لاکھ 32 ہزار 616 حصص کا تبادلہ ہوا ہے جبکہ تجارتی مالیت 25 ارب 54 کروڑ 45 لاکھ 9 ہزار 835 روپے رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دو روز قبل وفاقی بجٹ میں بیان کیے گئے اقدامات اور معاشی اشارے سٹاک مارکیٹ میں اس مثبت ردعمل اور تیزی کے تسلسل کی وجوہات ہیں جس سے مستقبل میں مزید ترقی کے امکانات کی توقعات پیدا ہوئی ہیں۔