اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی وقت کی ہر کسوٹی پر پورا اتری ہے، پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی شراکت مشترکہ سٹریٹیجک مفادات کی محافظ ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 98ویں یومِ تاسیس کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پُروقار تقریب کا انعقام کیا گیا جس میں چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ زونگ، چینی سفارت خانہ کے عہدیداران اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر آفیسرز بھی شریک ہوئے۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے قیام کی 98ویں سالگرہ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ مہمانِ خصوصی تھے، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف… pic.twitter.com/i4OwvjI9Rr
— The Thursday Times (@thursday_times) August 1, 2025
آئی ایس پی آر (انٹر سروسز پبلک ریلیشنز) کے مطابق اِس موقع پر پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے چینی مہمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین کے دفاع، سلامتی اور ترقی میں پی ایل اے (پیپلز لبریشن آرمی) کا کردار قابلِ تعریف ہے، پاک چین دوستی وقت کی ہر کسوٹی پر پورا اتری ہے اور بدلتے ہوئے چیلنجز کے باوجود پاک چین تعلقات مضبوط رہے ہیں۔
آرمی چیف نے سٹریٹیجک معاملات کی بدلتی ہوئی صورتحال کے باوجود پاک چین دوستی کو ناقابلِ تسخیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور پی ایل اے (پیپلز لبریشن آرمی) کے درمیان گہرا رشتہ ہے، پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کی شراکت دونوں ممالک کے مشترکہ سٹریٹیجک مفادات کی محافظ ہے۔





