واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) — امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات میں حالیہ بہتری کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔
مارکو روبیو نے نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو بڑھانے کا ایک اہم موقع دیکھ رہے ہیں، اور میری رائے میں اس سمت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان انسدادِ دہشت گردی اور سکیورٹی کے میدان میں طویل شراکت داری رہی ہے، تاہم واشنگٹن اب اس تعاون کو ان شعبوں سے آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔
روبیو کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ تعلقات محض انسدادِ دہشت گردی تک محدود نہ رہیں بلکہ تجارت، معیشت اور علاقائی استحکام جیسے شعبوں تک پھیلیں۔ ہمیں معلوم ہے کہ اس راستے میں کچھ مشکلات ضرور ہوں گی، مگر یہ ایک مثبت اشارہ ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مارکو روبیو کا یہ بیان جنوبی ایشیا میں بدلتے ہوئے سفارتی منظرنامے میں ایک نئے باب کی نشاندہی کرتا ہے، جہاں واشنگٹن اسلام آباد کے ساتھ تعلقات کو ازسرِنو ترتیب دینے کی کوشش کر رہا ہے۔





