اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) —پاکستان اور امریکا کے درمیان 13ویں مشترکہ فوجی مشقوں انسپائرڈ گیمبٹ 2026 کا آغاز ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور امریکا کے مابین تیرہویں دو طرفہ مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز ہو گیا ہے جبکہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں افتتاحی تقریب کے دوران دونوں ممالک کے عسکری حکام شریک ہوئے ہیں، یہ مشقیں دو ہفتوں پر مشتمل ہوں گی جن میں پاکستان اور امریکا کی افواج کے پیشہ ورانہ دستے حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان اور امریکا کے درمیان تیرہویں مشترکہ فوجی مشقوں ”انسپائرڈ گیمبٹ 2026“ کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ ان مشقوں کا مقصد انسدادِ دہشتگردی کے شعبے میں تجربات کا تبادلہ، حربی مہارتوں میں بہتری اور مؤثر کاؤنٹر ٹیررازم آپریشنز کی تکنیک کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ pic.twitter.com/RuaBAqqppB
— The Thursday Times (@thursday_times) January 10, 2026
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور امریکا کی مشترکہ فوجی مشقوں انسپائرڈ گیمبٹ 2026 کا مقصد کاؤنٹر ٹیررازم کے شعبہ میں تجربات کے تبادلے، حربی طریقہ کار اور مؤثر انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی) آپریشنز کی ٹیکنیک کو مزید بہتر بنانا ہے جبکہ مشقوں میں شہری علاقوں میں جنگی کارروائیوں، نشانہ بازی اور آپریشنل نظریات کی ہم آہنگی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق انسپائرڈ گیمبٹ 2026 پاکستان اور امریکا کے امن و استحکام کیلئے جاری تعاون کی عکاس ہے جبکہ ایسی مشترکہ فوجی مشقیں بدلتے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے، عسکری معیار کو بہتر بنانے اور پیچیدہ انسدادِ دہشتگردی ماحول میں افواج کی استعداد بڑھانے کے حوالہ سے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔





