ابوظہبی (تھرسڈے ٹائمز) — متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای دہشتگردی، انتہاپسندی اور ہر قسم کے تشدد کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، چاہے اس کا مقصد یا پس منظر کچھ بھی ہو۔ بیان میں ان حملوں کو مجرمانہ کارروائیاں قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ایسی سرگرمیاں سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہیں۔
وزارتِ خارجہ نے ان حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور حکومتِ پاکستان اور عوامِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ بیان میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات دہشتگردی کے خلاف عالمی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
یہ ردعمل بلوچستان میں ہونے والے حملوں کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور مختلف ممالک کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جا رہا ہے۔




