وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک گفتگو، پاکستان کی جانب سے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک گفتگو؛ الجبیل آئل ریفائنری پر حملوں کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ، شہزادہ محمد بن سلمان نے خطہ میں امن کی بحالی کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہا۔

اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کیلئے غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اظہار، شہزادہ محمد بن سلمان نے خطہ میں امن کی بحالی کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہا۔

پرائم منسٹر آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ آج وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے جس میں دونوں راہنماؤں نے خطہ میں جاری کشیدگی پر تبادلہِ خیال کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے خلاف جاری حملوں کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ شہباز شریف نے الجبیل آئل ریفائنری پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا ہے۔

شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستانی عوام ہمیشہ اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت اور عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خطہ میں جاری کشیدگی کے دوران سعودی قیادت کے تحمل اور دانشمندی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ مل کر قیامِ امن کی کوششوں کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا جبکہ شہزادہ محمد بن سلمان نے خطہ میں امن و استحکام کی بحالی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا ہے۔

خبریں

More from The Thursday Times

More from The Thursday Times

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: