نو مئی کو جو کچھ ہوا اس پر میرے جیسا مفاہمتی بندہ بھی پی ٹی آئی کیلئے کچھ نہیں کر سکتا، اسحاق ڈار

تحریکِ انصاف فیک نیوز پھیلانے کی ایکسپرٹ ہے، لوگ مارے گئے ہیں تو کوائف دیں۔ جو کچھ 9 مئی کو ہوا، مجھ جیسا مفاہمتی بندہ بھی PTI کیلئے کچھ نہیں کر سکتا۔ آٹھ فروری کے مینڈیٹ کی بات کرنے والے پہلے 2018 الیکشن کا حساب دیں۔

اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 8 فروری کے الیکشن میں مینڈیٹ کی بات کرنے والے پہلے 2018 کے الیکشن کا حساب دیں، الیکشن 2018 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مینڈیٹ چوری کیا گیا تھا، پاکستان میں 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس پر میرے جیسا مفاہمتی بندہ بھی پی ٹی آئی کیلئے کچھ نہیں کر سکتا، تحریکِ انصاف فیک نیوز پھیلانے کی ایکسپرٹ ہے، ہوائی باتیں نہ کریں، لوگ مارے گئے ہیں تو کوائف دیں۔

پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ میں مفاہمت پر یقین رکھنے والا شخص ہوں، عدالت میں 8 فروری کے انتخابات سے متعلق معاملات چل رہے ہیں لیکن 8 فروری کے الیکشن میں مینڈیٹ کی بات کرنے والے پہلے 2018 کے الیکشن کا حساب دیں، ہمارا 2018 کا مینڈیٹ واپس کریں، ہم ان کا جو بھی مینڈیٹ بنتا ہے وہ تسلیم کر لیں گے۔

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مینڈیٹ مینڈیٹ کی گردان پڑھنے والے یہ بھی یاد رکھیں کہ الیکشن 2018 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مینڈیٹ چوری کیا گیا تھا، پہلے 2018 کا حساب دیں کہ تب کس نے الیکشن جیتا اور کس کو جتوایا گیا، اگر 2024 کے مینڈیٹ پر بات کرنی ہے تو پھر پہلے 2018 کا حساب دینا ہو گا، چیف الیکشن کمشنر تحریکِ انصاف دورمیں تعینات ہوئے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ میثاقِ جمہوریت پر میرا ساتھ کسی نے نہیں دیا، اب اپوزیشن میں آئے ہیں تو انہیں میثاقِ جمہوریت کی بھی یاد آ گئی ہے، ایک جماعت کو 2018 کے الیکشن کا اتنا فائدہ ہوا کہ سینیٹ میں بھی اکثریت مل گئی، پاکستان کے ساتھ 2018 میں غلط کیا گیا، میں نے ماضی میں کہا تھا کہ ہمیں وہ خرچ کرنا چاہیے جو ہم افورڈ کر سکتے ہیں، اس کی پاداش میں 5 برس جلاوطنی کاٹنا پڑی، مجھے اس کا کوئی افسوس نہیں کیونکہ یہ میں نے پاکستان کیلئے کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ‏جب 2014 میں چینی صدر نے پاکستان آنا تھا اور تحریکِ انصاف کا دھرنا جاری تھا تو چینی سفیر میرے پاس آئے کہ آپ ان سے ملیں اور کہیں کہ دھرنا ملتوی کر دیں، میں نے ان سے کہا آپ عمران خان سے جا کر ملیں اور اسے کہیں، وہ عمران خان سے ملے لیکن عمران خان نے انکار کر دیا، سیاسی جماعتوں میں جو rogue عناصر ہیں ان کو نکالنا ہو گا جن کا کام ہی پاکستان میں افراتفری پھیلانا اور پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے معاملات سے متعلق امید تھی کہ ان کیلئے کوئی حل نکل آئے گا لیکن 24 نومبر کو ایک اور 9 مئی ہو گیا، نو مئی کو جو کچھ ہوا اس پر میرے جیسا مفاہمتی بندہ بھی پی ٹی آئی کیلئے کچھ نہیں کر سکتا، آپ نے رینجرز اور پولیس اہلکار شہید کیے، اسلام آباد میں 26 نومبر کو ہونے والے مظاہرے میں 3 درجن سے زیادہ افغانی تھے جو جیلوں میں موجود ہیں، وہاں جا کر معلوم کیا جا سکتا ہے۔

اسحاق ڈار نے پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ لوگ مارے گئے، ان کی ٹیمیں جعلی خبریں پھیلانے کی ماسٹر ہیں، خدا کیلئے ہوائی باتیں نہ کریں، لوگ مارے گئے ہیں تو کوائف دیں، پمز اور پولی کلینک ہاسپٹل نے کسی ڈیڈ باڈی کی بات نہیں کی، احتجاج میں فرنٹ پر تو غیرملکی باشندے تھے، افغان باشندوں کا کہنا تھا کہ ہمیں تو دیہاڑی دی گئی، ان کو یہ احساس نہیں کہ احتجاج کے دوران روزانہ کی بنیاد پر 190 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کے مقدمات عدالتوں میں ہیں، انہیں کوئی ریلیف ملتا ہے تو لے لیں، یہ بھول گئے کہ سپریم کورٹ کے باہر شلواریں کس نے لٹکائی تھیں، پی ٹی آئی دور میں ڈی جی نیب اور بشیر میمن کو بلوا کر ہمارے خلاف مقدمات بنوائے گئے، تحریکِ انصاف فیک نیوز پھیلانے کی ایکسپرٹ ہے، جب میں وزیر خزانہ تھا تو کچھ طاقتیں چاہتی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے لیکن ہم پاکستان کو کبھی بھی ڈیفالٹ نہیں ہونے دیں گے۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: