لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقلیتیں میرے سر کا تاج ہیں اور اتنے ہی پاکستانی و پنجابی ہیں جتنے ہم سب ہیں، نواز شریف کہتے ہیں کہ اقلیتیں پاکستانیت میں کسی سے کم نہیں ہیں، ہم نے اقلیتوں اور انسانی حقوق کے محکمہ کو فعال کیا اور اس کے بجٹ میں بھی 200 فیصد اضافہ کیا، پچاس ہزار گھرانوں کو مینارٹی کارڈز دیئے گئے ہیں جنہیں ہر 3 ماہ کے بعد ساڑھے 10 ہزار روپے ملیں گے، اقلیتوں کا تحفظ میری ذمہ داری اور میرا فرض ہے، وعدہ کرتی ہوں کہ جو کوئی بھی پاکستان کی اقلیتوں کے خلاف سازش کرے گا اس کا پوری قوت سے راستہ روکوں گی، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں نے بھرہور کردار ادا کیا ہے۔
جو کوئی بھی پاکستان کی اقلیتوں کیخلاف سازش کریگا، انکے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کریگا، انکی زندگی، جان، مال، املاک کو خطرے میں ڈالے گا، میں مریم نواز شریف بطور آپکی وزیراعلیٰ پوری قوت سے انکا راستہ روکوں گی۔ pic.twitter.com/avxwvzamUl
— The Thursday Times (@thursday_times) January 22, 2025
چیف منسٹر مینارٹی کارڈ کا اجراء
پنجاب کی وزیرِ اعلٰی مریم نواز شریف نے پاکستان کی تاریخ کے پہلے ’’چیف منسٹر منیارٹی کارڈ‘‘ جاری کر دیا ہے، ایوانِ اقبال کمپلیکس میں منعقد ہونے والی تقریب میں ہندو، سکھ، کرسچین اور دیگر اقلیتی کمیونٹیز کے مرد وخواتین نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے اقلیتی مرد و خواتین میں مینارٹی کارڈز تقسیم کیے اور اے ٹی ایم مشین سے منیارٹی کارد کی ٹرانزیکشن کا مشاہدہ بھی کیا۔
اقلیتیں میرے سر کا تاج ہیں
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ مریم نواز شریف نے کہا کہ اقلیتیں میرے سر کا تاج ہیں، میں نے سوچا کہ آپ سب کیلئے ایسا کچھ کروں جس سے آپ کو احساس ہو کہ آپ بھی اتنے ہی پاکستانی ہیں اور اتنے ہی پنجابی ہیں جتنے ہم سب ہیں، اس ملک میں ان کا بھی اتنا ہی حصہ ہے جتنا باقی پاکستانیوں کا ہے، آپ کی پہچان یہ نہیں کہ آپ غیر مسلم ہیں بلکہ آپ کی پہچان یہ ہے کہ آپ سچے اور پکے پاکستانی ہیں، مجھے خوشی ہے کہ مستحق افراد کو ان کا حق ملا ہے۔
نواز شریف کہتے ہیں کہ اقلیتیں پاکستانیت میں کسی سے کم نہیں ہیں
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ میرے سامنے ہندو، سکھ، کرسچین اور دیگر مذاہب کے بہن بھائی اور بزرگ موجود ہیں، یہ خوبصورت منظر سجا ہوا ہے اور یہی ہمیں ایک مضبوط لڑی میں پروئے ہوئے ہے جسے ہم پاکستان کہتے ہیں اور ہمارے قومی پرچم کی تکمیل بھی سفید رنگ کے بغیر نہیں ہوتی، نہ صرف میرے مذہب نے میری راہنمائی کی بلکہ میرے والد بھی میرے لیے مشعلِ راہ بنے ہیں، نواز شریف نے ہمیشہ کہا کہ اقلیت کو اقلیت نہ کہو، وہ شاید تعداد میں کم ہوں گے لیکن پاکستانیت میں کسی سے کم نہیں ہیں۔
ہم نے اقلیتوں اور انسانی حقوق کے محکمہ کو فعال بنایا
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جس طرح میں نے دیگر شعبوں اور افراد کیلئے کارڈز لانچ کیے ہیں، مجھے بڑی خوشی ہے کہ پاکستان اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہم نے ’’مینارٹی کارڈ‘‘ لانچ کیا ہے، اس کیلئے میں سردار رمیش سنگھ اروڑا ان کے پورے ڈیپارٹمنٹ اور بینک آف پنجاب کا شکریہ ادا کرتی ہوں، ہم نے اقلیتوں اور انسانی حقوق کے محکمہ کو فعال کیا ہے اور اس کے بجٹ میں بھی 200 فیصد اضافہ کیا ہے۔
پچاس ہزار گھرانوں کو مینارٹی کارڈز دیئے گئے ہیں
چیف منسٹر پنجاب نے کہا کہ مینارٹی کارڈ کیلئے پنجاب سے 1 لاکھ درخواستیں موصول ہیں جن میں سے ہم سے ان 50 ہزار گھرانوں کو یہ کارڈز فراہم کیے ہیں جو زیادہ مستحق تھے، جن گھرانوں کو کارڈز مل رہے ہیں انہیں ہر 3 ماہ کے بعد پنجاب حکومت کی طرف سے ساڑھے 10 ہزار روپے ملیں گے تاکہ آپ اپنی ضروریات پوری کر سکیں اور آپ کو کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے، میری کوشش ہو گی کہ آنے والے مہینوں میں اس رقم میں اضافہ کروں اور مینارٹی کارڈز کی تعداد کو بھی 75 ہزار تک بڑھائیں گے۔
اقلیتوں کا تحفظ میری ذمہ داری اور میرا فرض ہے
وزیرِ اعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ آپ کی حفاظت اور آپ کی زندگی میں بہتری لانا اور یہ یقین دلانا کہ آپ پاکستان میں اتنے ہی بڑے حصہ دار ہیں جتنی میں یا کوئی اور ہے میری ذمہ داری ہے، جڑانوالہ سمیت پاکستان میں کچھ ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں جو نہیں ہونے چاہئیں تھے اور اسی لیے اب اگر کوئی خطرناک صورتحال پیدا ہو تو میں خود اس کی نگرانی کرتی ہوں اور آپ کے تحفظ کو یقینی بناتی ہوں تاکہ آپ کی جان و مال اور عزت پر کوئی آنچ نہ آ سکے۔
مریم نواز پوری قوت سے اقلیتوں کے خلاف سازش کرنے والوں کا راستہ روکے گی
مریم نواز شریف نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ جو کوئی بھی پاکستان کی اقلیتوں کے خلاف کوئی سازش کرے گا یا ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کرے گا یا ان کی زندگی اور جان و مال اور ان کی املاک کو خطرے میں ڈالے گا تو آپ کی وزیرِ اعلٰی مریم نواز شریف پوری قوت سے اس کا راستہ روکے گی، جب بھی آپ کا کوئی تہوار ہوتا ہے تو ہماری کوشش پوتی ہو گی کہ آپ کی عبادت گاہوں کا نہ صرف تحفظ کیا جائے بلکہ انہیں سجایا اور سنوارا بھی جائے۔
یہ نواز شریف اور مریم نواز کی طرف سے آپ کیلئے تحفہ ہے
چیف منسٹر پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ نواز شریف اور مریم نواز شریف کی طرف سے آپ کیلئے تحفہ ہے، اقلیتیں بھی اسی طرح ہمارے دل کے قریب ہیں جتنے باقی سب پاکستانی ہیں، ہم نے اقلیتوں کیلئے گرانٹس بھی بڑھائی ہیں اور افراد کی تعداد میں بھی اضافہ کیا ہے، کرسمس پر جو تقریباً 10 ہزار روپے گرانٹ ملتی تھی اس کو میں نے بڑھا کر 15 ہزار کیا ہے اور اس میں ہم مزید اضافہ بھی کریں گے، ہم نے آپ کے بجٹس میں 60 فیصد تک اضافہ کیا ہے، ہم نے آپ کی عبادت گاہوں اور قبرستانوں کی تعمیر اور تحفظ کیلئے بھی گرانٹس میں اضافہ کیا ہے۔
پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں نے بھرہور کردار ادا کیا
وزیرِ اعلٰی پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں نے بھرہور کردار ادا کیا ہے، میں چاہتی ہوں کہ پاکستان امن اور آشتی کا گہوارہ بنے اور یہاں رہنے والی اقلیتوں کو تحفظ اور سکون محسوس ہو، اللّٰه تعالیٰ پاکستان کو مزید ترقی و خوشحالی اور کامیابی عطا فرمائے، اللّٰه کرے کہ ہم سب ایک لڑی میں اسی طرح پروئے رہیں جس طرح حق ہے۔