اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے دانش یونیورسٹی آف اپلائیڈ اینڈ ایمرجنگ سائنسز کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے قیام کے لیے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے پاکستان کو واپس کیے گئے 190 ملین پاؤنڈ کی رقم استعمال کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی آف اپلائیڈ اینڈ ایمرجنگ سائنسز ایک عالمی معیار کی تعلیمی درسگاہ ہوگی جہاں ملک بھر سے مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں کو جدید علوم، ٹیکنالوجی اور تحقیقی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی کا باقاعدہ آغاز 14 اگست 2026 کو کیا جائے گا، جو پاکستان کے یومِ آزادی کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اسلام آباد میں یونیورسٹی کے لیے اراضی کے حصول سمیت تمام قانونی اور انتظامی امور جلد از جلد مکمل کریں تاکہ مقررہ وقت پر تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ یونیورسٹی پاکستان کے تعلیمی میدان میں انقلاب کا باعث بنے گی اور نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔