راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللّٰه تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، اعزاز قوم و افواجِ پاکستان اور سول و ملٹری شہداء اور وطن کے غازیوں کے نام کرتا ہوں، یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کیلئے لاکھوں عاصم منیر بھی قربان ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز پر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقی حاصل کرنے والے آرمی چیف جنرل عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری) نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللّٰه تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، اپنا یہ اعزاز پاکستانی قوم، افواجِ پاکستان، سول و ملٹری شہداء اور وطن کے غازیوں کے نام کرتا ہوں۔
پاج فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی کابینہ اور صدرِ پاکستان آصف زرداری کی جانب سے بھرپور اعتماد پر ان کا شکر گزار ہوں، میں خاص طور پر پاکستانی قوم کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
پاکستان کی بری فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کیلئے لاکھوں عاصم منیر بھی قربان ہیں، یہ انفرادی اعزاز نہیں ہے بلکہ یہ افواجِ پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کیلئے اعزاز ہے۔
یاد رہے کہ آج وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے ’’آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ اور ’’معرکہِ حق‘‘ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی شاندار عسکری قیادت، ان کی جرأت و بہادری، پاکستان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے، دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے اور وطن کے دلیرانہ دفاع کے اعتراف میں انہیں فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقی دینے کی تجویز دی جس کو وفاقی کابینہ نے منظور کر لیا۔
واضح رہے کہ فیلڈ مارشل مسلح افواج میں غیر معمولی اور زبردست قیادت پر ملنے والا جنرل رینک سے اوپر اور سب سے بڑا عہدہ ہے جو آرمی آفیسرز میں سے سینئیر ترین فائیو سٹار آفیسر ہوتا ہے۔