واشنگٹن ڈی سی، امریکا (تھرسڈے ٹائمز) — فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی وطن کے حقیقی سفیر ہیں جو ترسیلاتِ زر، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کے ذریعہ نہ صرف ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کا عالمی تشخص بھی بلند کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ روابط اور شراکت داری کا عمل جاری رہنا چاہیے تاکہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور باہمی ترقی کیلئے راستے ہموار کیے جا سکیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکا میں اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقات
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکا کے سرکاری دورے کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقات کی ہے جبکہ اس موقع پر آرمی چیف سے ملاقات کیلئے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شاندار استقبال کیا۔
مسلح افواج کی شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہِ امریکا کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ’’آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ اور ’’معرکہِ حق‘‘ میں پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار کارکردگی کو سراہا جبکہ جوانوں کی جرأت و بہادری اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
آرمی چیف کی بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے بات چیت
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے سفیر قرار دیا اور ان کے اہم و مؤثر کردار کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے ترسیلاتِ زر، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں کامیابیوں اور پاکستان کی معیشت میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے فعال کردار کا بھی اعتراف کیا۔
مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور تعاون کے فروغ کیلئے روابط کی اہمیت پر زور
اس موقع پر سمندر پار پاکستانیوں نے آرمی چیف کے ساتھ ملکی معیشت کے حوالہ سے اپنے تجربات اور تجاویز شیئر کیں جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور تعاون کو فروغ دینے کیلئے مسلسل تعاون کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
محفوظ، خوشحال اور ترقی کرتے ہوئے پاکستان کیلئے مل کر کام کرنے کا عہد
پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایک محفوظ، خوشحال اور ترقی کرتے ہوئے پاکستان کیلئے مل کر کام کرنے کا عہد کیا جبکہ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے پاکستان کا عالمی تشخص بھی بلند کر رہے ہیں۔