پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ محض ایک وقتی یا جذباتی ردِعمل نہیں بلکہ ایک گہرے تاریخی تعلق، قومی مفادات کے تحفظ اور اصولی مؤقف کے تحت اٹھایا گیا قدم ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیش نے بھی سلامتی کے خدشات کے پیشِ نظر بھارت میں شیڈول میچز کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے ایونٹ کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیش کے فیصلے کی حمایت دراصل ایک واضح پیغام ہے کہ کھیل کی آڑ میں عدم مساوات، دوہرے معیار اور سیکیورٹی خدشات کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ اکثر کھیل پر اثر انداز ہوتا نظر آیا ہے، ماضی میں کئی مواقع پر بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیل کے بنیادی آداب سے انحراف دیکھا گیا ہے۔ میدان میں کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانا، میچ کے بعد رسمی مصافحہ سے گریز کرنا اور بعض مواقع پر کھیل کو سیاسی بیانیہ میں تبدیل کرنا جیسے واقعات ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ اِس کے برعکس پاکستان نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ وہ کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھنے کی کوشش کرتا رہا ہے پھر چاہے اُس کی قیمت یکطرفہ تنقید یا دباؤ کی صورت میں ہی کیوں نہ ادا کرنی پڑی ہو۔
یہ بھی ایک تاریخی حقیقت ہے کہ جب پاکستان نے شدید سیکیورٹی خدشات کے باوجود عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے غیر معمولی اقدامات کیے تو اِس عزم کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔ آج اگر بنگلہ دیش یہ مؤقف اختیار کرتا ہے کہ بھارت میں موجودہ حالات کھلاڑیوں کیلئے محفوظ نہیں ہیں تو اسے کسی سیاسی مہم کے طور پر نہیں بلکہ زمینی حقائق کے اظہار کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیشی مؤقف کی حمایت دراصل اسی دیرینہ اصول کی توثیق ہے کہ کھلاڑیوں کی جان، عزت اور وقار کسی بھی ایونٹ یا نشریاتی مفاد سے کہیں زیادہ اہم ہیں۔
پاکستان ہمیشہ اِس بات پر زور دیتا رہا ہے کہ کرکٹ کو سیاست سے بالاتر ہونا چاہیے لیکن یہ اصول اسی وقت معتبر رہتا ہے جب کھیل کے انتظامی ڈھانچے میں تمام ٹیمز کے ساتھ یکساں اور منصفانہ سلوک کیا جائے۔ اگر ایک ملک کو کھیل کے نظام میں غیر معمولی اثر و رسوخ حاصل ہو اور دیگر ٹیمز کے تحفظات، خدشات یا اعتراضات کو مسلسل نظر انداز کیا جائے تو پھر کھیل خود اپنی شفافیت اور غیر جانبداری کھو بیٹھتا ہے۔
پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کا فیصلہ اِس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک عالمی کرکٹ سے علیحدگی کا خواہاں نہیں۔ تاہم بھارت کے خلاف مخصوص میچ میں شرکت سے انکار ایک واضح لکیر ہے جو اِس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ قومی مفاد، ریاستی وقار اور اصولی مؤقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ عوامی جذبات کی بھی ترجمانی کرتا ہے جن میں طویل عرصہ سے یہ احساس موجود ہے کہ کھیل میں برابری اور احترام کا معیار برقرار نہیں رہا۔
بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑا ہونا پاکستان کیلئے محض علاقائی ہمدردی نہیں بلکہ ایک تاریخی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ یہ فیصلہ عالمی کرکٹ کیلئے ایک لمحہِ فکریہ بھی ہے کہ اگر کھیل کو واقعی عالمی سطح پر اہم، منصفانہ اور قابلِ احترام بنانا ہے تو اسے طاقت، سیاست اور تجارتی دباؤ سے آزاد کرنا ہو گا۔
آخرکار، کھیل صرف اسی صورت میں کھیل رہتا ہے جب وہ وقار، مساوات اور سلامتی کے اصولوں پر قائم ہو۔ پاکستان کا یہ فیصلہ اسی اصولی سوچ کی عکاسی کرتا ہے اور یہی سوچ عالمی کرکٹ کے مستقبل کو محفوظ اور باوقار بنا سکتی ہے۔




