لاہور__احتساب عدالت کے جج راؤ عبدالجبار خان نے 27 مختلف درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں مسلم لیگ نواز کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو بری کر دیا گیا ہے۔
تحریری فیصلہ میں لکھا گیا ہے کہ ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، سابق حکومت نے نیب کو نواز شریف کا سیاسی کیرئیر تباہ کرنے کیلئے ان کے خلاف ریفرنس تیار کرنے پر مجبور کیا، عدالت تین بار منتخب وزیراعظم نواز شریف کو بری کرنے کا حکم دیتی ہے۔
پلاٹ الاٹمنٹ کیس کے تحریری فیصلہ میں لکھا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں مرکزی ملزمان کو جو ریلیف دیا گیا وہی نواز شریف کو ملنا چاہیے، قانون واضح ہے کہ مرکزی ملزمان کے ساتھ اشتہاری بھی اسی سزا یا ریلیف کا مستحق ہوتا ہے، نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی قانون کے مطابق نہیں۔
عدالت نے نیب اور ریونیو بورڈ کو تین بار منتخب وزیراعظم نواز شریف اور ان کی جائیدادوں کو ڈی سیل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جبکہ فیصلہ کی کاپی چیئرمین نیب اور دیگر اداروں کو ارسال کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔