کولمبو—بھارت اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں آج ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلہ میں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق آج سہ پہر 2 بج کر 30 منٹ پر سری لنکا کے شہر مالیگاواٹے کے آر پریماداسا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ایشیاء کپ کے 16ویں ایڈیشن کے ابتدائی مرحلہ (گروپ سٹیج) میں 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا، گروپ اے میں بھارت، پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں جبکہ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل تھیں جبکہ ایونٹ کی میزبانی مشترکہ طور پر سری لنکا اور پاکستان کے حصہ میں آئی۔
گروپ سٹیج مقابلوں کے نتیجہ میں بھارت، بنگلہ دیش، پاکستان اور سری لنکا نے سپر فور مرحلہ تک رسائی حاصل کی جبکہ افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہو گئیں، ابتدائی مرحلہ میں بھارت اور پاکستان کے مابین کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا جبکہ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
دنیائے کرکٹ کا سب سے دلچسپ مقابلہ سمجھا جانے والا پاک بھارت ٹاکرا سپر فور مرحلہ میں ایک بار پھر شائقینِ کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ون ڈے رینکنگ میں دوسرے جبکہ بھارت تیسرے نمبر پر براجمان ہے، ایونٹ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت روہت شرما کر رہے ہیں جبکہ بابر اعظم پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔
ون ڈے کرکٹ میں دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے میچز کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو روایتی حریف 133 میچز میں ایک دوسرے کا مقابلہ کر چکے ہیں جن میں 73 فتوحات کے ساتھ پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے جبکہ بھارت55 میچز میں کامیابی حاصل کر سکا ہے۔
ایشاء کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے ون ڈے میچز کو دیکھا جائے تو اس ایونٹ میں بھارت کا پلڑا بھاری رہا ہے، 14 ون ڈے میچز میں سے 7 میں بھارت نے بازی اپنے نام کی جبکہ 5 میچز میں پاکستان فاتح قرار پایا ہے۔
دونوں ٹیموں کی ون ڈے کرکٹ میں ایشیاء کپ سے قبل کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان نے سری لنکا میں کھیلی گئی تین میچز کی سیریز میں افغانستان کو وائٹ واش شکست دی جبکہ بھارت نے ویسٹ انڈیز کو ان کے ہوم گراؤنڈز میں تین میچز کی سیریز میں دو ایک سے شکست دی۔
ایشیاء کپ 2023 میں دونوں ٹیموں کے پاس نامور کھلاڑی موجود ہیں، بھارت کو کپتان روہت شرما، ویراٹ کوہلی اور ایشان کشن جیسے بلے بازوں پر ناز ہے تو پاکستان کے پاس بھی کپتان بابر اعظم، امام الحق اور فخر زمان جیسے مایہ ناز بلے باز موجود ہیں۔
گیند بازی کے شعبہ میں پاکستان کے پاس شاہین آفریدی، حارث رؤوف اور نسیم شاہ کی شکل میں مضبوط اٹیک موجود ہے جبکہ بھارت کو محمد شامی، محمد سراج اور جسپریت بومرا جیسے فاسٹ باؤلرز کی خدمات حاصل ہیں۔
آل راؤنڈرز میں بھارت کے پاس کلدیپ یادیو، ہاردک پانڈیا اور رویندرا جدیجا جیسے شاندار کھلاڑی ہیں جبکہ پاکستانی سکواڈ میں افتخار احمد، شاداب خان اور فہیم اشرف جیسے نام شامل ہیں۔