اسلام آباد/لندن—پاکستان مسلم لیگ نواز کے قائد اور تین بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہونے والے نواز شریف وطن سے چار سالہ جدائی کے بعد آئندہ ماہ پاکستان واپس آ رہے ہیں۔
لندن میں میاں نواز شریف کی صدارت میں پاکستان مسلم لیگ نواز کا اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ نواز کے صدر اور سابق وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور خواجہ آصف سمیت اہم راہنما شریک تھے، اجلاس میں میاں نواز شریف کی وطن واپسی اور آئندہ انتخابات کیلئے حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پارٹی صدر میاں شہباز شریف نے اس حوالہ سے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس پہنچیں گے، لاہور میں میاں نواز شریف کا شاندار استقبال کیا جائے گا جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں میاں نواز شریف کیلئے ریلیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔