راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں تحریکِ انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
سائفر کیس میں فردِ جرم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے سنائی جبکہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا ہے، ملزمان پر فردِ جرم عائد ہونے کے بعد سائفر کیس کا باقاعدہ ٹرائل اڈیالہ جیل میں شروع ہو جائے گا۔
فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی کے سپیشل پراسیکیوٹرز شاہ خاور اور ذوالفقار عباس نقوی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان کے وکیل عثمان گل اور شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک عدالت میں پیش ہوئے۔
گزشتہ روز عدالت میں درخواستوں پر بحث کی گئی تھی جس کے بعد عدالت نے فردِ جرم عائد کرنے کیلئے 13 دسمبر کی تاریخ مقرر کی تھی، عدالت نے چالان کی نقول، نوٹیفیکیشن اور میڈیا رسائی سے متعلق 6 متفرق درخواستوں کو نبٹا دیا۔
عدالت کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین گواہان کو طلب کر لیا گیا ہے اور کیس کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے۔