تجزیہ: عمران خان کی اقتدار میں واپسی پاکستان کیلئے تباہ کن ہو گی، جریدہ وال سٹریٹ جرنل

عمران خان کا اقتدار میں واپس آنا پاکستان کیلئے معاشی، دفاعی اور سفارتی لحاظ سے تباہ کن ہو گا، عمران خان کی جنونیت اور میسیانک پاپولزم پاکستان کیلئے ڈیڈ اینڈ ہو گا۔

spot_img

نیویارک (تھرسڈے ٹائمز) — امریکی اخبار ”دی وال سٹریٹ جرنل“ نے تحریکِ انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کے متعلق لکھا ہے کہ ان کا اقتدار میں واپس آنا پاکستان کیلئے معاشی، سفارتی اور دفاعی لحاظ سے تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔

دی وال سٹریٹ جرنل کے مطابق پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کرپشن کے سزا یافتہ مجرم ہیں، وہ چار ماہ سے جیل میں قید ہیں لیکن اس کے باوجود وہ پاکستان کیلئے سب سے بڑا سیاسی سوال بنے ہوئے ہیں، پاکستانی فوج عمران خان کی تحریکِ انصاف کو آئندہ برس 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی سے روکنے کیلئے پرعزم دکھائی دیتی ہے جبکہ ان کے حامی ابھی تک انہیں پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے ایک آخری امید کے طور پر دیکھتے ہیں۔

امریکی اخبار نے لکھا ہے کہ اگر عمران خان مشکلات سے نکل کر غالب ہونے میں کامیاب ہو جائیں تو یہ ہر گز پاکستان کیلئے بحرانوں سے نکلنے کا اشارہ نہیں ہو گا بلکہ یہ ممکنہ طور پر 240 ملین لوگوں کے ایٹمی ملک پاکستان کیلئے تیزی سے زوال کا باعث بنے گا۔

وال سٹریٹ جرنل میں شائع ہونے والے آرٹیکل کے مطابق 71 سالہ عمران خان پانچ دہائیوں سے ایک عوامی پہچان رکھتے ہیں، وہ سابق کرکٹر اور آکسفورڈ سے تعلیم یافتہ ایک ذہین شخص ہیں جنہوں نے اپنی والدہ کی یاد میں کینسر ہاسپٹل تعمیر کروایا، ان کی شادی برطانیہ کے رئیس خاندان کی جمائما گولڈ سمتھ سے ہوئی جبکہ ایک رائے یہ بھی پائی جاتی ہے کہ انہوں نے ملکی تاریخ کا طاقتور ترین سیاسی برانڈ متعارف کرایا ہے۔

نیو یارک میں قائم اخبار کے مطابق عمران خان خود کو ایک متقی انسان کے طور پر ظاہر کرتے ہیں، وہ 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان ہونے کی وجہ سے ایک لیڈر کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں، بطور وزیراعظم انہوں نے اقوامِ متحدہ میں اسلامو فوبیا کا معاملہ اٹھایا جبکہ فرانس اور نیدرلینڈز کو اسلام پر غیر منصفانہ حملوں کے حوالہ سے تنقید کا نشانہ بنایا۔

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق تحریکِ انصاف ویڈیو کلپس کے لامتناہی ذخیرے کو استعمال کرتے ہوئے ان کم عمر ووٹرز کو عمران خان کی طرف متوجہ کر سکتی ہے جنہوں نے عمران خان کی بطور کھلاڑی صلاحیتوں کا مشاہدہ نہیں کیا، عمران خان کی شخصیت کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ وہ لندن کے نائٹس برج میں بھی اتنے ہی پرسکون دکھائی دیتے ہیں جتنے وہ پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں پشتون قبائلیوں کے درمیان نظر آتے ہیں۔

امریکی اخبار نے لکھا ہے کہ پاکستان میں طویل عرصہ سے فوج سیاست میں مداخلت کر رہی ہے اور پاکستان کی فوج نے ہی عمران خان کو 2018 میں وزارتِ عظمٰی کی کرسی تک پہنچایا مگر آج عمران خان اسی پاکستانی فوج کے سب سے بڑے دشمن بن چکے ہیں۔

دی وال سٹریٹ جرنل کے مطابق عمران خان 2022 میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ اختلافات کے باعث اقتدار سے ہاتھ دھو بیٹھے اور پھر رواں برس مئی میں عمران خان کی کرپشن کے ایک تاحال جاری مقدمہ میں گرفتاری پر ان کے حامیوں نے متعدد فوجی تنصیبات اور ایک سینیئر جنرل کے گھر پر حملہ کر دیا، پاکستانی اتھارٹیز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے راہنماؤں اور ہزاروں کارکنان کو گرفتار کر لیا جبکہ عمران خان کو میڈیا پر مکمل طور پر بلیک آؤٹ کر دیا گیا۔

نیو یارک میں قائم اخبار نے لکھا ہے کہ عمران خان کو توہینِ عدالت اور دہشتگردی سمیت کم و بیش 200 مقدمات کا سامنا ہے جبکہ عمران خان کو ریاستی راز اِفشا کرنے کے جرم میں سزائے موت بھی سنائی جا سکتی ہے، عمران خان کرپشن کے مقدمہ میں سزا یافتہ مجرم ہیں اور اگر سزا کے خلاف ان کی اپیل کامیاب نہ ہو سکی تو وہ آئندہ پانچ برس کیلئے قومی اسمبلی کی رکنیت کیلئے نااہل رہیں گے اور انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

دی وال سٹریٹ جرنل کے آرٹیکل میں لکھا گیا ہے کہ اگر عمران خان کی پارٹی آئندہ انتخابات میں کلین سویپ کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو پاکستانی فوج اور عدالتیں عمران خان کو دوبارہ اقتدار میں آنے کی اجازت دینے پر مجبور ہو سکتی ہیں لیکن اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ پاکستان کیلئے تباہ کن ہو گا کیونکہ عمران خان کا میسیانک پاپولزم پاکستان کیلئے “ڈیڈ اینڈ” یعنی آخری انجام کو ظاہر کرتا ہے، عمران خان کے دورِ حکومت میں ان کے اتحاد اسلامیت، اینٹی امریکی اور بائیں بازوں کی معاشیات جیسے خیالات ناکام ہو چکے ہیں۔

امریکی اخبار کے مطابق گزشتہ ہفتے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے واشنگٹن کا دورہ کیا ہے لیکن عمران خان کی کامیابی اس امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو نقصان پہنچائے گی جو پاکستان کیلئے سب سے بڑا برآمدی مقام اور اس انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کا اہم ترین رکن ہے جس کے قرضے پاکستان کے ذمہ واجب الادا ہیں۔

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق پاکستان کو آگے بڑھنے کیلئے بھارت کے ساتھ پرامن ماحول درکار ہے لیکن عمران خان کی جنونیت پاکستان کیلئے بھارت کے ساتھ مستقل محاذ آرائی کا سبب بن سکتی ہے، بھارت پاکستان کی نسبت نو گنا بڑی معیشت ہے اور وہ پاکستان سے کہیں زیادہ تیز رفتاری سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

امریکی اخبار نے لکھا ہے کہ پاکستان کو بڑھتی ہوئی اندرونی دہشتگردی، فی کس آمدنی میں جمود، شرح کے لحاظ سے 30 فیصد کے قریب پہنچتی افراطِ زر اور بےروزگاری میں اضافہ جیسے مسائل کا سامنا ہے اور ایسے حالات میں پاکستان کو عمران خان جیسے ناکام خیالات کے کرشماتی ترجمان کی بجائے ایک پختہ قیادت کی ضرورت ہے۔

Follow Us

The Thursday Times is now on Bluesky—follow us now. You can also follow us on Mastodon.

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

spot_img

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: