اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک جو پاکستان پر حملہ کرے گا یا کسی بھی ملک میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف کوئی پلاننگ کی جائے گی تو اس کا جواب پاکستان کی جانب سے اسی طرح ملے گا جیسا جواب گزشتہ روز دیا گیا ہے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اب پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کسی بھی طرح کی کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، پاکستان پر حملہ کرنے والوں کو انھی کی زبان میں جواب دیا جائے گا، ہم پاکستان کی خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور کسی بھی عمل کا فوری ردعمل سامنے آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی اور دہشتگردی کے معاملات پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، پاکستان میں افغانستان سمیت کسی بھی ملک کا کوئی بھی شہری غیر قانونی طور پر مقیم ہے تو اسے اب یہاں سے جانا پڑے گا اور اگر اس نے پھر یہاں واپس آنا ہے تو اس کو ویزا لے کر آنا پڑے گا۔
وزیرِ داخلہ نے کہا ہے کہ فوج اور عدلیہ کے خلاف جس طرح کی ٹرولنگ کی جاتی ہے اس پر قانون سازی ہونی چاہیے، امریکہ میں ٹک ٹاک پر چارج شیٹ لگا کر اسے بند کیا جا رہا ہے، اگر امریکہ جیسے بہترین جمہوری ملک میں ایسا ہو سکتا ہے تو پھر پاکستان میں بھی ہونا چاہیے، آزادیِ اظہار پر پابندی کے حق میں نہیں ہوں لیکن ہمیں اب غلط کو درست کرنا پڑے گا۔