اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے اپنے لیڈر عمران خان کیلئے این آر او مانگ رہے ہیں، میں یہ واضح کر دوں کہ عمران خان کو کوئی این آر او نہیں ملے گا۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف عمران خان کیلئے این آر او چاہتی ہے، میں یہ بات واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ عمران خان کو کوئی این آر او نہیں ملے گا، جب ان سے رسیدیں دکھانے کا کہا جاتا ہے تو یہ چیخنے لگ جاتے ہیں، یہ این آر او مانگنے کی بجائے عدالتوں میں جا کر اپنی بےگناہی ثابت کریں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے عمران خان اور تحریکِ انصاف کی طرح امریکی کانگریس کے پاؤں نہیں دبائے، ہم ان کی طرح ہاؤس آف لارڈز کے آگے ہاتھ جوڑ کر کھڑے نہیں ہوئے، ہم نے اپنا مؤقف پاکستان کے ایوانوں میں پیش کیا، ہم نے اپنے مقدمات عدالتوں میں لڑے اور وہاں ہم نے اپنی بےگناہی ثابت کی۔
راہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ یہ عدالتوں میں جا کر بتائیں کہ انہوں نے 190 ملین پاؤنڈز کا غبن کیوں کیا اور توشہ خانہ سے قیمتی اشیاء و زیورات چوری کر کے کیوں فروخت کیں، آج ان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ کسی اور کا کیا دھرا نہیں بلکہ ان کا اپنا کیا ہوا ہے، جو قبر انہوں نے دوسروں کیلئے کھودی تھی آج یہ خود اسی قبر میں گرے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی کسی سے این آر او نہیں مانگا، مجھے جیل سے ریمانڈ کیلئے لایا جاتا تھا تو میں سوٹ پہن کر آتا تھا، مجھے جیلر نے کہا کہ آپ ریمانڈ پر ایسے جا رہے جیسے کسی تقریب کیلئے جانا ہو، میں نے جواب دیا کہ جب دشمنوں کے پاس جانا ہو تو سج دھج کر جاتے ہیں تاکہ انہیں یہ نہ لگے ہم کمزور پڑ گئے ہیں۔