اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ہم بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر کو تحریکِ انصاف کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت اور خطاب کی دعوت دیتے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد میں مسلح بغاوت کیلئے نہیں بلکہ پُرامن احتجاج کیلئے آ رہے ہیں، ہم فوج سے مقابلہ نہیں کریں گے، ہمارا فوج سے کوئی جھگڑا نہیں بلکہ ہم فوج کا احترام کرتے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والے دیگر ممالک کے سربراہان اور وفود اسلام آباد میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج دیکھ کر خوش ہوں گے، ہم ڈی چوک میں احتجاج کریں گے اور یہ ہمارا حق ہے، جمہوریت میں احتجاج کا حق سب کو ہے۔
ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ہم بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر کو دعوت دیتے ہیں کہ جب وہ پاکستان آئیں تو اسلام آباد میں تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوں اور پی ٹی آئی کارکنان سے خطاب کریں، ہم بھارتی وزیرِ خارجہ کو پاکستان میں خوش آمدید کہیں گے۔