اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے قریب پنجاب کے پہلے سرکاری ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے جسے نواز شریف کینسر ہسپتال کا نام دیا گیا ہے۔
یہ ہسپتال نہ صرف علاج و معالجہ فراہم کرے گا بلکہ کینسر کی تحقیق کے لیے بھی مختص کیا جائے گا، جس میں پاکستان کا پہلا پبلک بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر بھی شامل ہوگا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ یہ ہسپتال پورے ملک کے مریضوں کو مفت اور معیاری علاج فراہم کرے گا، جس میں جدید ترین طبی سہولتیں اور دنیا بھر سے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
یہ منصوبہ 54 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس کا پہلا مرحلہ ایک سال کے اندر فعال ہو جائے گا۔ مزید برآں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت کی سہولتوں کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور صحت کے شعبے میں کمی بیشی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزید کہا کہ فلاحی ریاست کا مقصد عوام کی خدمت اور ان کے لیے بہترین زندگی کی فراہمی ہے، اور یہ ہسپتال نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے عوام کے لیے ایک انمول تحفہ ثابت ہوگا۔
ہسپتال میں پاکستان کا پہلا پبلک بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر بھی شامل ہوگا۔ 54ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ ہسپتال ایک تحقیقی مرکز بھی ہوگا، جہاں کینسر کے علاج پر تحقیق کی جائے گی۔