واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) — ڈونلڈ ٹرمپ امریکی انتخابی معرکہ جیتنے میں کامیاب، دوسری بار امریکی صدر بن گئے۔
امریکہ میں صدارتی انتخابات 2024 کی دوڑ میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ مطلوبہ الیکٹورل ووٹ جیتنے میں کامیاب ہو گئے، ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار امریکی صدارتی معرکہ جیت کر 47ویں صدر بن گئے ہیں، اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ 2016 سے 2020 تک امریکہ کے 45ویں صدر رہ چکے ہیں۔
ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدارتی معرکہ میں 277 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ ان کی مدمقابل ڈیموکریٹک امیدوار کمیلا ہیرس 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکی ہیں، صدارتی انتخابات میں کسی بھی امیدوار کو معرکہ جیتنے کیلئے کُل 538 الیکٹورل ووٹس میں سے 270 ووٹس درکار تھے۔
امریکی ریاستوں انڈیانا، فلوریڈا، اوہائیو، کینیٹکی، اوکلوہاما، الباما، ساؤتھ کیرولینا، مسی سپی، آرکنساس اور ویسٹ ورجینیا میں ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہوئے ہیں جبکہ کمیلا ہیرس نے نیو میکسکیو، اوری گن، کولو راڈو، مین، ہوائی، واشنگٹن، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا اور کیلیفورنیا میں کامیابی حاصل کی ہے۔
امریکی سینیٹ میں بھی ری پبلکنز کو ڈیموکریٹس پر برتری حاصل ہوئی ہے، امریکی سینیٹ میں ری پبلکنز نے 100 میں سے 51 نشستیں جیت کر سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے جبکہ ڈیموکریٹس نے 43 نشستیں جیتی ہیں۔