spot_img

بھارت کی کرکٹ ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کیلئے پاکستان ضرور آنا چاہیے، نواز شریف

پی ٹی آئی نے پاکستان میں بدتمیزی و بدتہذیبی کے کلچر کی بنیاد رکھی، اسکے علاوہ کوئی منصوبہ نہیں دیا۔ بھارتی ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان ضرور آنا چاہیے۔ پاکستان کے تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے چاہئیں۔ ملکی معیشت اب بہتر ہو رہی ہے، نواز شریف۔

اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ اگر ماضی میں تعلقات بگڑے ہیں تو انہیں سنوارنے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے مجھے کوئی مشکل نظر نہیں آتی، بھارت کی کرکٹ ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کیلئے پاکستان ضرور آنا چاہیے، اپوزیشن میں بیٹھی ایک جماعت نے اپنے دورِ حکومت میں بدتمیزی اور بدتہذیبی کے کلچر کو پروان چڑھایا، چھوٹے چھوٹے لڑکوں کو اس کام پر لگا دیا ہے کہ وہ گاڑیوں کے پیچھے بھاگ رہے ہیں، اس کے علاوہ اس جماعت نے پاکستان کو کوئی منصوبہ نہیں دیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کے ہمراہ جنیوا سے لندن پہنچے ہیں جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ اگر ماضی میں تعلقات بگڑے ہیں تو انہیں سنوارنے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے مجھے کوئی مشکل نظر نہیں آتی، اچھا ہوتا کہ بھارتی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان آ کر کھیلتی۔

میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کیلئے پاکستان ضرور آنا چاہیے، لوگ بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں، امید ہے کہ جلد ایسا وقت آئے گا، پاکستان کے بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے چاہئیں، پاکستان کے امریکا کے ساتھ بھی اچھے تعلقات رہے ہیں اور آئندہ بھی رہنے چاہئیں۔

قائدِ مسلم لیگ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی (پاکستان تحریکِ انصاف) نے پاکستان میں بدتمیزی اور بدتہذیبی کے کلچر کی بنیاد رکھی ہے، چھوٹے چھوٹے لڑکوں کو اس کام پر لگا دیا ہے کہ وہ گاڑیوں کے پیچھے بھاگ رہے ہیں، انہیں یہ ہدایت کی گئی ہے کہ جاؤ اور لوگوں کی پگڑیاں اچھالو، انتہائی بدتمیزی کا یہ کلچر پروان چڑھنا ہماری بدقسمتی ہے۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ اپوزیشن میں بیٹھی جماعت (پی ٹی آئی) نے اپنے دورِ حکومت میں اس بدتمیزی کے کلچر کو پروان چڑھایا اور اب اس کلچر کو مزید فروغ دے ریی ہے، اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان کو کوئی منصوبہ نہیں دیا، اگر ان کی قسمت میں احتجاج ہی لکھا ہے تو پھر احتجاج کسی اچھے طریقے سے تو کرنا چاہیے، یہ لوگ جو کچھ کر رہے ہیں یہ سب ہمیں ہمارے مذہب نے نہیں سکھایا ہے۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے اور مہنگائی مسلسل نیچے آ رہی ہے، مریم نواز نے سب سے پہلے آٹے اور روٹی کی قیمتیں کم کرنے کیلئے اقدامات کیے، ملکی معیشت کی بہتری کیلئے شہباز شریف نے بہت اچھے اقدامات کیے ہیں، پاکستان میں 6 سے 7 سال بعد اب پھر سے ترقی ہو رہی ہے، شہباز شریف دن رات کام کر رہے ہیں، میں انہیں شاباش دیتا ہوں۔

اس موقع پر وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ سموگ کا مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہو سکتا، ہم چند سالوں میں اس مسئلے کو حل کر دیں گے، ایئر پنجاب شروع ہونی چاہیے اور اس پر سوچ و بچار کر رہے ہیں۔

اپنی صحت اور علاج سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیرِ اعلٰی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرا ٹریٹمنٹ چل رہا ہے اور الحمدللّٰه میں ٹھیک ہوں۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

spot_img

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: