spot_img

مایوسی کے بادل چھٹ چکے، معاشی اشاریے مثبت ہیں مزید بہتر ہوں گے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر

مایوسی کے بادل چھٹ چکے، معاشی اشاریے مثبت ہیں اور مزید بہتر ہوں گے۔ مایوسی اور ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے کدھر ہیں؟ پاکستان کے علاوہ ہماری کوئی شناخت نہیں۔ ریاست ماں کی طرح ہے، اسکی قدر لیبیا، عراق، فلسطین کے عوام سے پوچھیں۔

کراچی (تھرسڈے ٹائمز) — آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مایوسی کے بادل چھٹ چکے ہیں، پاکستان کی معیشت کے تمام اشاریے مثبت ہیں اور اگلے برس تک مزید بہتر ہوں گے، ریاست ماں کی طرح ہے اور اس کی قدر لیبیا، عراق اور فلسطین کے عوام سے پوچھنی چاہیے، یاد رکھیں کہ پاکستان کے علاوہ ہماری کوئی شناخت نہیں ہے، ملک میں مایوسی پھیلانے اور ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے لوگ آج کدھر ہیں؟ کیا انہیں جوابدہ نہیں ٹھہرانا چاہیے؟

کراچی میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ایک سال پہلے چھائے ہوئے مایوسی کے بادل آج چھٹ چکے ہیں، اب پاکستان کی معیشت کے تمام اشاریے مثبت ہیں اور اگلے برس تک مزید بہتر ہوں گے، میں نے گزشتہ نشست میں بھی کہا تھا کہ مایوسی مسلمان کیلئے حرام ہے، ہم سب کو ذاتی مفادات پر پاکستان کو ترجیح دینی چاہیے، سیاست سمیت کوئی بھی ملک سے مقدم نہیں ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست ماں کی طرح ہے اور اس کی قدر لیبیا، عراق اور فلسطین کے عوام سے پوچھنی چاہیے، یاد رکھیں کہ پاکستان کے علاوہ ہماری کوئی شناخت نہیں ہے، جتنی بھی مشکلات ہوں لیکن اگر ہم سب مل کر کھڑے ہو جائیں تو کوئی ہمارا کچھ بگاڑ نہیں سکتا، آپ اپنا پیسا لے کر پاکستان آئیں، عوام بھی کمائے اور ملک بھی ترقی کرے، ملک میں مایوسی پھیلانے اور ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے لوگ آج کدھر ہیں؟ کیا انہیں جوابدہ نہیں ٹھہرانا چاہیے؟

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ صرف پاکستانی ہی پاکستان کو بیل آؤٹ کے ذریعہ معاشی استحکام دلا سکتے ہیں، دہشتگردی کی پشت پناہی غیر قانونی کاروبار کرنے والے کرتے ہیں جن کے پیچھے مخصوص عناصر ہوتے ہیں، پاکستان کی ڈیجیٹل سرحدوں کی حفاظت اور عوام کی ڈیجیٹل سیکیورٹی ریاست کی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کراچی میں جاری عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا دورہ کیا جہاں انہوں نے غیرملکی فوجی حکام سے بات چیت بھی کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئیڈیاز کے دورہ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دوست ممالک کے دفاعی مینوفیکچررز کی فعال شرکت کو سراہا، نمائش میں 557 نمائش کنندگان شریک ہیں جن میں سے 333 بین الاقوامی نمائش کنندگان ہیں جبکہ 224 ملکی نمائش کنندگان ہیں، نمائش میں 36 ممالک نے سٹالز لگائے جن میں سے 17 ممالک پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں 53 ممالک کے 300 سے زائد غیر ملکی مندوبین شرکت کر رہے ہیں جنہوں نے پاکستان کی دفاعی صنعت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تقریب میں موجود غیر ملکی فوجی حکام اور دفاعی مندوبین کے ساتھ بامعنی بات چیت بھی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں گلوبل انڈسٹریل ڈیفنس سلوشنز پاکستان کی طرف سے تیار کردہ جدید ترین بغیر پائلٹ جنگی جہاز کا افتتاح کیا گیا جو اعلٰی درجے کی صلاحیتوں اور بموں، میزائلوں اور ٹارپیڈو سمیت وسیع پیمانے پر گولہ بارود لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، نمائش آئیڈیاز 2024 کا 12واں ایڈیشن 19 نومبر سے 22 نومبر تک جاری رہے گا۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کراچی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے پرتپاک استقبال کیا۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

spot_img

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: