پاکستانی اسٹاک مارکیٹ عالمی شہرت کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے دنیا کی دوسری بہترین مارکیٹ بن گئی

پاکستان سٹاک مارکیٹ 2024 میں دنیا کی دوسری بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹ بن گئی ہے جو صرف ارجنٹینا کے S&P میروال انڈیکس سے پیچھے ہے۔ سیاسی استحکام، معاشی اصلاحات، مؤثر اقتصادی پالیسیز اور IMF کی حمایت نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا۔

اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان سٹاک مارکیٹ نے 2024 کے دوران دنیا کی دوسری بہترین کارکردگی دکھانے والی سٹاک مارکیٹ کے طور پر اپنا لوہا منوایا ہے اور اپنی اس شاندار کارکردگی کے باعث عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ پاکستان میں سیاسی استحکام، مؤثر معاشی پالیسیز اور مضبوط بین الاقوامی حمایت کے امتزاج نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کیا ہے جس سے سٹاک مارکیٹ عالمی منظرنامہ میں ایک نمایاں کھلاڑی کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔

سیاسی استحکام

پاکستان کے سیاسی ماحول میں نمایاں استحکام نے سٹاک مارکیٹ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد رکھی ہے۔ اگرچہ تاریخی طور پر سیاسی بےیقینی نے سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی پر منفی اثرات ڈالتے ہوئے طویل المدتی سرمایہ کاری کا راستہ روکا ہے تاہم حالیہ سیاسی استحکام نے سٹاک ایکسچینج کو تاریخی بلندیوں تک پہنچاتے ہوئے مُلک میں مسلسل معاشی ترقی کیلئے سازگار ماحول فراہم کر دیا ہے۔ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سٹاک مارکیٹ میں لیکوئیڈیٹی میں اضافہ کیا ہے اور اسے ریکارڈ سطح تک پہنچا دیا ہے۔

معاشی استحکام پر حکومتی توجہ

حکومت کی معاشی استحکام پر توجہ نے سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی کو مزید تقویت دی ہے۔ مُلک میں معاشی و اقتصادی اصلاحات اور مؤثر پالیسیز نے اعتماد کی ایسی فضا پیدا کی ہے جو ہمیشہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے ناگزیر رہی ہے۔ معاشی استحکام نے نہ صرف سٹاک مارکیٹ کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے بلکہ اس سے وسیع تر اقتصادی بحالی میں بھی مدد ملی ہے۔

آئی ایم ایف کا کردار

پاکستان سٹاک مارکیٹ کی شاندار کارکردگی میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے مسلسل حمایت نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارہ کے پروگرام کی بحالی نے نہ صرف پاکستان کو مالی مدد فراہم کی ہے بلکہ ملکی معاشی حالات پر اعتماد میں بھی اضافہ کیا ہے۔ آئی ایم ایف کی طرف سے تجویز کردہ بنیادی ساختی اصلاحات نے مالیاتی عدم توازن جیسا اہم مسئلہ حل کیا ہے جبکہ ٹیکس نظام کو بہتر بنانے اور خساروں کو کم کرنے کی کوششوں نے سرمایہ کاروں کیلئے ماحول کو مزید سازگار بنا دیا ہے۔

آئی ایم ایف کی حمایت نے پاکستان کو عالمی سرمایہ کاروں کی نظروں میں دوبارہ قابلِ اعتبار بنایا ہے جبکہ اس اعتماد نے ایکویٹی اور فکسڈ انکم مارکیٹس میں مضبوط سرمایہ کاری کا رجحان پیدا کیا ہے کیونکہ سرمایہ کار پاکستان کے بہتر معاشی مستقبل سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

لیکوئیڈیٹی اور بنیادی اصول

پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی غیر معمولی کارکردگی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی لیکوئیڈیٹی کا مظہر ہے۔ زیادہ تجارتی حجم اور غیر ملکی سرمایہ کی آمد نے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کو بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس ترقی میں مضبوط معاشی پالیسیز بھی معاون رہی ہیں جس میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ و افراطِ زر میں کمی اور مستحکم صنعتی ترقی شامل ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے میں کارپوریٹ آمدنی نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں درج کمپنیز نے مضبوط فنانشل کارکردگی دکھائی ہے جو عالمی معاشی چیلنجز کے باوجود پاکستان کے کاروباری ماحول کی قابلیت کو ظاہر کرتی ہے۔

عالمی شناخت

پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 2024 میں دنیا کی دوسری بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹ کے طور پر ابھرنا پاکستان کے مالیاتی شعبہ کیلئے ایک اہم کامیابی ہے۔ یہ غیر معمولی کامیابی مسابقتی عالمی مارکیٹ میں پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے ایک معتبر مقام کے طور پر اجاگر کرتی ہے۔

اگرچہ بیرونی قرضوں اور سیاسی تسلسل جیسے چیلنجز بدستور موجود ہیں تاہم پاکستان سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی نے ایک زبردست مثال قائم کی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ استحکام، اصلاحات اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کا امتزاج کیسے ابھرتی ہوئی مارکیٹس کے درمیان ایک نمایاں ترقی کو ممکن بنا سکتا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان اس رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی مالیاتی منظرنامہ میں طویل المدتی کھلاڑی کے طور پر اپنی پوزیشن کو مستحکم رکھ سکے گا!

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: