سٹاک مارکیٹ کریش کر گئی، بینچ مارک کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس میں 3500 سے زائد پوائنٹس کی کمی

سٹاک مارکیٹ کریش کر گئی، بینچ مارک کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس میں 3500 سے زائد پوائنٹس کی کمی، سٹاک ایکسچینج 95 ہزار کی نفسیاتی حد بھی برقرار نہ رکھ سکا، گزشتہ روز 98 ہزار 79 پوائنٹس پر بند ہونے والا سٹاک ایکسچینج آج 94 ہزار 574 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تنزلی کا رجحان، بینچ مارک کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس میں ساڑھے تین ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی

کاروباری ہفتہ کے دوسرے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تنزلی کا رجحان ہے، بینچ مارک کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 3 ہزار 500 سے زائد پوائنٹس کمی کے ساتھ 95 ہزار پوائنٹس کی حد بھی برقرار نہ رکھ سکا۔

گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر 98 ہزار 79 پوائنٹس پر بند ہونے والی سٹاک مارکیٹ میں آج ہنڈرڈ انڈیکس میں مجموعی طور پر 3 ہزار 505 اعشاریہ 62 پوائنٹس (تقریباً 3 اعشاریہ 71 فیصد) کی کمی واقع ہوئی ہے جس کے بعد سٹاک ایکسچینج 94 ہزار 574 پوائنٹس پر بند ہوا ہے۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں مندی کا یہ عالم ملک میں گزشتہ دو روز سے جاری بےیقینی اور سیاسی بےچینی کا نتیجہ ہے جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی آئی ہے، وفاقی دارالحکومت میں افراتفری اور ہنگامہ آرائی نے کاروباری طبقہ کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔

اس سے پہلے پاکستان سٹاک مارکیٹ مسلسل 52 ہفتوں سے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2024 میں دنیا کی دوسری بہترین سٹاک مارکیٹ بن کر سامنے آئی جبکہ اس دوران سٹاک ایکسچینج 58 ہزار 758 پوائنٹس سے 99 ہزار 819 پوائنٹس تک کی تاریخی بلندیوں تک پہنچا۔

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: