عمران خان کا 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا اعلان

عمران خان کا 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا اعلان۔ ⁠9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کا قیام اور انڈر ٹرائل سیاسی قیدیوں رہائی کا مطالبہ۔

اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — سابق وزیر اعظم عمران خان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے جاری کردہ پیغام میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سیاسی قیدیوں کی رہائی اور 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ۔ مطالبات کی عدم منظوری کی صورت میں 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک اور بائیکاٹ مہم شروع کرنے کا اعلان۔

سول نافرمانی کی تحریک کے مراحل

بیان کے مطابق، سول نافرمانی کی تحریک دو مراحل پر مشتمل ہوگی: پہلے مرحلے میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے ترسیلاتِ زر محدود کرنے اور بائیکاٹ مہم چلانے کی اپیل کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جمعرات کو عمران خان پر جی ایچ کیو حملہ کیس میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔ بیان میں ‘سٹیک ہولڈرز’ سے مذاکرات کی بات بھی کی گئی ہے، جس کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں عمر ایوب خان، علی امین گنڈاپور، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجہ اور اسد قیصر شامل ہیں۔

جوڈیشل کمیشن کا قیام

پی ٹی آئی کے رہنما نے حالیہ واقعات کی شفاف تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام پر زور دیا ہے تاکہ ان تنازعات کے پسِ پردہ حقائق کو بے نقاب کیا جا سکے۔

سول نافرمانی کی ماضی کی مثال

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک چلانے اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے ترسیلاتِ زر روکنے کی اپیل کی ہے۔ اس سے قبل 2014 کے اسلام آباد دھرنے کے دوران بھی انہوں نے سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کیا تھا، جو ناکام رہی تھی۔

مذاکرات کی پیشکش

اس بیان میں پی ٹی آئی کی حکمتِ عملی میں تبدیلی نظر آتی ہے، جہاں احتجاج کے بجائے سول نافرمانی اور بائیکاٹ مہم پر زور دیا گیا ہے، ساتھ ہی مذاکرات کی بھی بات کی گئی ہے۔ تاہم، یہ واضح نہیں ہے کہ مذاکرات کس سے کیے جائیں گے، کیونکہ ماضی میں پی ٹی آئی کی جانب سے اس پر متضاد بیانات سامنے آتے رہے ہیں۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: