اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت میں ٹاؤٹ افراد شامل ہیں جو کمپرومائزڈ ہیں، ان کے حلیے دیکھ کر لگتا ہی نہیں کہ پاکستانی ہیں، پاکستان کے بیلسٹک میزائل پر امریکی پابندیاں لگیں تو پی ٹی آئی کے کئی لوگوں نے خوشیاں منائیں، یہ لوگ ٹی ٹی پی (کالعدم تحریکِ طالبان) کے ترجمان لگتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر، سینئر سیاستدان اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق راہنما فواد چودھری نے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت میں ٹاؤٹ شامل ہیں اور یہ کمپرومائزڈ لوگ ہیں، یہ اجنبی اور غیر سیاسی لوگ ہیں، ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، ان کے سیاسی کیرئیرز کا آغاز ہی ٹاؤٹ کی حیثیت سے ہوا تھا۔
فواد چودھری نے کہا کہ جو لوگ آج کل پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور عمران خان کی نمائندگی کر رہے ہیں ان کے حلیے دیکھ کر لگتا ہی نہیں کہ وہ پاکستانی ہیں، ایسا لگتا ہے کہ وہ ٹمبکٹو (افریقی شہر) یا کہیں اور جگہ سے آئے ہیں، کوئی 1970 کے زمانہ کی ہیئر جیل لگا کر آ جاتا ہے اور کوئی لگتا ہے کہ ٹی ٹی پی (کالعدم تحریکِ طالبان) کا ترجمان ہے، عجیب و غریب سے لوگ پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ جب پاکستان کے بیلسٹک میزائل کے حوالہ سے امریکا کی جانب سے پابندیاں لگیں تو پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کئی لوگوں نے خوشیاں منائیں، تحریکِ انصاف کے راہنماوں نے ایسا ماحول بنا دیا ہے جس سے لگتا ہے کہ تحریکِ انصاف فوج مخالف جماعت ہے حالانکہ ایسا نہیں ہے، عمران خان کئی بار کہہ چکے ہیں کہ پاکستان بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی موجودہ قیادت کی کسی بات پر لوگوں کو اعتماد نہیں ہے، عمران خان کو ایسے لوگوں سے دور ہونا پڑے گا، ان نومولود سیاستدانوں کی کسی بات کو کوئی سنجیدہ نہیں لیتا۔