واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) — ڈونلڈ ٹرمپ کی 47ویں امریکی صدر کی حیثیت سے وائٹ ہاؤس میں واپسی، عہدہ کا حلف اٹھا لیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے 47 ویں امریکی صدر کا حلف اٹھا لیا۔ pic.twitter.com/uTeYTFSeYi
— The Thursday Times (@thursday_times) January 20, 2025
امریکی صدارتی معرکہ 2024 میں فتح حاصل کرنے والے ری پبلکن راہنما ڈونلڈ ٹرمپ نے 47ویں امریکی صدر کی حیثیت سے عہدہ کا حلف اٹھا کر ایک بار پھر وائٹ ہاؤس سنبھال لیا، انہوں نے 6 نومبر کے انتخابات میں ڈیموکریٹک خاتون امیدوار کمیلا ہیرس کو شکست دی تھی، ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری بار امریکی صدر کا عہدہ سنبھالا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور امریکی صدر حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیپیٹل ہِل میں ہوا جہاں ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ کے ہمراہ پہنچے جبکہ آج اپنے عہدہ کی آئینی مدت مکمل کر کے سبکدوش ہونے والے امریکی صدر جوبائیڈن نے ان کا استقبال کیا، حلف برداری کی تقریب میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن، فیس بک کے مالک مارک زوکربرگ اور ٹویٹر (ایکس) کے مالک ایلون مسک سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ ری پبلکن راہنما ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری بار امریکی صدر کا عہدہ سنبھالا ہے جبکہ اس سے قبل وہ 2016 سے 2020 تک امریکا کے 45ویں صدر رہ چکے ہیں۔