نئی دہلی (تھرسڈے ٹائمز) — بھارتی حکمراں جماعت کے راہنما سبرامانیئن سوامی نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے تباہ کیے ہیں جبکہ پاکستان کے جنگی طیارے بھارتی رافیل طیاروں سے بہتر ہیں۔
پاکستان نے ہمارے (بھارت) کے پانچ طیارے مار گرائے ہیں، انکے جہاز رافیل سے بہت اچھے تھے۔ مودی کبھی اسکی تحقیقات نہٰیں ہونے دیگا۔
بی جے رہنما سبرامنیم سوامی pic.twitter.com/wNDe7i7ypB— The Thursday Times (@thursday_times) May 30, 2025
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے راہنما سبرامانیئن سوامی نے ایک انٹرویو میں پاکستان فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی جنگی طیاروں کی تباہی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے (حالیہ پاک بھارت تصادم کے دوران) بھارت کے پانچ طیارے گرائے ہیں جن میں رافیل طیارے بھی شامل ہیں، پاکستان نے چینی ساختہ طیارے استعمال کیے جو ہمارے فرانسیسی ساختہ رافیل طیاروں سے بہتر ہیں۔
سابق بھارتی وزیرِ صنعت و تجارت سبرامانیئن سوامی کا کہنا تھا کہ رافیل طیارے ہمارے دیس (بھارت) کی دفاعی ضروریات کو پورا نہیں کر سکتے، پاکستان نے بھارت کا بڑا نقصان کیا ہے، رافیل طیاروں کے معاہدوں میں کرپشن بھی کی گئی ہے لیکن نریندر مودی (بھارتی وزیراعظم) کبھی ان معاملات کی تحقیقات نہیں ہونے دیں گے۔
بھارتی حکمراں جماعت کے راہنما اور سابق بھارتی وزیرِ قانون و انصاف سبرامانیئن سوامی نے مزید کہا کہ جب تک نریند مودی بھارت کے وزیراعظم ہیں وہ کبھی اس پر بحث یا تحقیقات نہیں ہونے دیں گے کہ (حالیہ پاک بھارت تصادم کے دوران) پاکستان کے ہاتھوں بھارتی طیارے کیوں اور کیسے تباہ ہوئے اور بھارت کا کتنا نقصان ہوا ہے۔
اپنے انٹرویو کے دوران بھارتی پارلیمنٹ (راجیا سبھا اور لوک سبھا) کے سابق رکن اور سینئر سیاسی راہنما سبرامانیئن سوامی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی وزیرِ داخلہ امت شا سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ پہلگام واقعہ کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان فضائیہ نے 5 سے 6 بھارتی طیاروں کو تباہ کیا جن میں فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے اور مگ 29 طیارے بھی شامل تھے تاہم بھارتی حکومت (مودی سرکار) مسلسل اس حقیقت سے انکار کرتی آئی ہے جبکہ اس حوالے سے بھارتی فوج کے ترجمان صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے سے بھی گریز کرتے رہے ہیں۔