واشنگٹن (تھرسڈے ٹائمز) — امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ نے دنیا بھر کو مبارکباد دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان مکمل اور حتمی جنگ بندی پر اتفاق ہو چکا ہے، جس کے بعد 12 دن سے جاری جنگ کا باضابطہ اختتام ہو جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے اس پیش رفت کو مشرقِ وسطیٰ کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق، جنگ بندی کا عمل چھ گھنٹے کے اندر اندر شروع ہوگا، جب دونوں ممالک اپنی جاری کارروائیاں مکمل کرلیں گے۔ جنگ بندی ابتدائی طور پر 12 گھنٹوں تک جاری رہے گی، جس کے بعد ایران اور اسرائیل دونوں باقاعدہ طور پر فائر بندی کا آغاز کریں گے۔ 24 گھنٹے بعد دنیا بھر میں اس جنگ کے خاتمے کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے وضاحت کی کہ جنگ بندی کے دوران دونوں فریقین پُرامن اور باعزت رویہ اپنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوا اور ان کے مطابق ایسا ہی ہوگا تو یہ نہ صرف ایک بڑی عسکری فتح بلکہ ایک سفارتی کامیابی بھی ہوگی۔
انہوں نے ایران اور اسرائیل دونوں کو مبارکباد دی کہ انہوں نے استقامت، جرأت اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس جنگ کا خاتمہ کیا، جسے اب “12 روزہ جنگ” کے طور پر جانا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایک ایسا تنازع تھا جو برسوں تک چل سکتا تھا اور پورے مشرق وسطیٰ کو تباہی کے دہانے پر لے جا سکتا تھا، لیکن ایسا نہ ہوا — اور نہ ہی ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے کہا خدا اسرائیل کو سلامت رکھے، خدا ایران کو سلامت رکھے، خدا مشرقِ وسطیٰ کو سلامت رکھے، خدا امریکہ کو سلامت رکھے، اور خدا پوری دنیا کو سلامت رکھے۔