کراچی (تھرسڈے ٹائمز) — متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیثی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں رہ کر سوشل میڈیا پر پاکستان، پاکستانی حکومت یا پاکستانی اداروں کے خلاف لکھنے، ہرزہ سرائی کرنے یا پراپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کراچ میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیثی نے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی اور دیگر ممالک کے شہری اگر پاکستان سے متعلق کوئی فیک نیوز بیان کریں گے یا سیاسی معاملات کے بارے میں ڈس انفارمیشن پھیلائیں گے یا پاکستان اداروں کے خلاف پراپیگنڈا کریں گے تو ایسے کسی عمل کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ پاکستان، پاکستانی حکومت یا پاکستانی اداروں کے خلاف لکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس طرح کے جرائم میں ملوث افراد کیلئے سزا 15 برس تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید اور ڈیپورٹیشن کی صورت میں مل سکتی ہے جبکہ کچھ صورتوں میں اس کی سزا عمر قید بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ سوشل میڈیا پر جو پوسٹس یا کمنٹس یا تصاویر لائیک اور ریٹویٹ کرتے ہیں وہ بھی ریکارڈ کا حصہ ہوتی ہے جبکہ پاکستان یا دیگر ممالک میں موجود ایسے افراد جب متحدہ عرب امارات یا دیگر خلیجی ممالک کیلئے ویزہ ایپلائی کریں گے تو انہیں قانونی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔