اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار، ہنڈرڈ انڈیکس 86,700 کی سطح پر پہنچ گیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے، جس میں کے ایس ای 100 انڈیکس نے 682.27 پوائنٹس کا اضافہ کرتے ہوئے 86,700 پوائنٹس کی سطح کو عبور کیا ہے۔ مارکیٹ میں کاروبار کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 86,846.03 رہی جبکہ کم ترین سطح 86,294.69 پوائنٹس رہی۔ کاروبار کا حجم 144,234,453 شیئرز رہا، اور مارکیٹ کی کل قدر 7,970,215,192 روپے رہی۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو 2024 کی دنیا کی بہترین کارکردگی والی مارکیٹ قرار دیا گیا ہے۔
پڑھیے؛ پاکستان سٹاک مارکیٹ دنیا 2024 میں دنیا کی بہترین کارکردگی والی مارکیٹ بن گئی۔ جریدہ بلومبرگ
اس تیزی کا بنیادی سبب سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا اعتماد اور ملکی معیشت میں استحکام ہے، جو عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ حالیہ معاہدے اور ترسیلات زر میں اضافے کی وجہ سے مزید مستحکم ہوا ہے۔
گزشتہ روز کا اختتام 86,057.51 پوائنٹس پر ہوا تھا، جب کہ آج کے کاروبار میں 0.79% کی بہتری ریکارڈ کی گئی۔ تجارتی حجم میں اضافہ اور معاشی اشاریوں میں بہتری نے اسٹاک مارکیٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھا ہے۔