نیو یارک (تھرسڈے ٹائمز) — امریکی جریدہ ’’بلومبرگ‘‘ کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ نے جمعرات کو ریکارڈ بلندیوں کو چھو لیا ہے جبکہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی آمد اور بہتر معاشی اشاریے مارکیٹ میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
بلومبرگ نے لکھا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ نے جمعرات کو ٹریڈنگ کے دوران ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری اور بہتر ہوتی معاشی صورتحال کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج کے اہم کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس میں 1 اعشاریہ 8 فیصد اضافہ ہوا اور اس نے 82 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح بھی عبور کر لی ہے جو کہ رواں برس اب تک 30 فیصد سے زائد کا اضافہ ہے۔
امریکی جریدہ ’’بلومبرگ‘‘ کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تاریخی بلندیاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اپنی جانب کھینچ رہی ہیں جبکہ بلومبرگ کے اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 2024 کے دوران اب تک پاکستانی شیئرز میں مجموعی طور پر 87 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے جو 2014 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
نیو یارک میں قائم بین الاقوامی سطح کے جریدے نے لکھا ہے ک پاکستان سٹاک مارکیٹ رواں برس عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مارکیٹس میں شامل رہی ہے جس کی وجہ بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال اور جولائی میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اہم معاہدہ ہے، حالیہ مہینوں میں پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہوئی ہے، مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ سٹیٹ بینک نے شرح سود میں بھی کمی کی ہے۔