اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم، ہنڈرڈ انڈکس تاریخ میں پہلی مرتبہ 88,000 پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کآج کے تجارتی دن کا آغاز 100 انڈیکس میں 700 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ہوا، جس کے بعد انڈیکس 88,000 کی سطح عبور کرگیا۔
رواں ہفتے کا آغاز 21 اکتوبر بروز پیر کو 85,250 پوائنٹس سے ہوا تھا، اور آج کے ایس ای 100 انڈیکس 88,000 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ چکا ہے۔ یہ مسلسل تیسرا دن ہے جب اسٹاک مارکیٹ میں اضافے کا رجحان جاری رہا ہے۔
گزشتہ روز 100 انڈیکس میں 602 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس سے انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 87 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔ ایک روز قبل، 22 اکتوبر کو، کے ایس ای 100 انڈیکس میں 643 پوائنٹس یا 0.75 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جس کے بعد انڈیکس 86,701 پوائنٹس کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔
پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں یہ مسلسل اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے، اور مارکیٹ کی موجودہ صورتِ حال پاکستان کی معیشت میں بہتری کے اشاریے کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔