پرتھ، آسٹریلیا (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان نے پرتھ میں ہونے والے تیسرے اور آخری ون ڈے میں زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلیا کو شکست دی اور تین میچز کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔
میچ کے آغاز سے ہی پاکستانی بولرز نے آسٹریلوی بیٹرز کو مشکلات میں ڈال دیا، اور پوری ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں لیں جبکہ حارث رؤف اور محمد حسنین نے بھی اہم وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے ہدف کا تعاقب اعتماد سے شروع کیا، عبداللّٰہ شفیق اور صائم ایوب نے پراعتماد بیٹنگ کی اور 84 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ صائم ایوب 42 اور عبداللّٰہ شفیق 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد پاکستانی بیٹرز کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم نے نے باآسانی ہدف حاصل کرلیا۔
یہ پاکستان کی 22 سال بعد آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز میں فتح ہے، جس سے قبل 2002 میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 1-2 سے ہرایا تھا۔ اس کامیابی نے پاکستانی ٹیم کا مورال بلند کیا اور آنے والی ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے اعتماد فراہم کیا۔