مانسہرہ (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہمارے کارکنوں کو بےرحمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ہمارے کارکنوں پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں، ہمارے متعدد لوگ شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں، حقیقی آزادی اور جمہوریت کیلئے ہمارا احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا، حکومت کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لو ورنہ بنگلہ دیش کو بھی بھول جاؤ گے اور بھاگنے کا موقع تک نہیں ملے گا۔
گزشتہ رات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کا آپریشن شروع ہونے کے بعد احتجاج چھوڑ کر فرار ہونے والے وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور منظرِ عام پر آ گئے ہیں، انہوں نے مانسہرہ میں پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہمارے پارٹی لیڈرز اور کارکنوں کو بےرحمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ہمارے کارکنوں پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں۔
وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے ساتھ ہمیشہ جبر اور ظلم کیا گیا، ہم ایک پُرامن جماعت ہیں، ہم نے ہمیشہ حقیقی آزادی اور جمہوریت کی بات کی ہے جس کیلئے ہمارا احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا، ہمارے پُرامن دھرنے پر گولیاں کیوں چلائی گئیں؟ ہم پر تشدد نہ کیا جاتا تو ہمارے لوگ بھی جواب نہ دیتے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت کے خلاف جعلی مقدمات بنائے گئے ہیں، ہمارا لیڈر آج بھی جیل میں ہے، عدالتوں سے بھی ہمیں انصاف نہیں مل رہا ہے، اس لیے ہمارے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ ہم اپنا پُرامن احتجاج جاری رکھیں، ہمیں جلسے کی اجازت نہیں دی جاتی، یہ دھرنا ایک تحریک ہے، یہ دھرنا اب عمران خان کے اختیار میں ہے، اب عمران خان کی کال تک احتجاج جاری رہے گا۔
وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا نے کہا کہ پورے پاکستان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارا دھرنا جاری رہے گا، پچھلے 2 سالوں سے پاکستان تحریکِ انصاف کے خلاف فسطائیت جاری ہے، اسلام آباد کے احتجاجی مارچ میں سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا کہ لاشیں گری ہیں، لاشیں گرانے کی باتیں کرنے والوں کو ثبوت بھی دینے ہوں گے، صوبہ اپنا حق لینا جانتا ہے اور ہمیں اپنے صوبے کا تحفظ کرنا بھی آتا ہے۔
چیف منسٹر خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ حکومت کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لو ورنہ بنگلہ دیش کو بھی بھول جاؤ گے اور بھاگنے کا موقع تک نہیں ملے گا، اسلام آباد میں احتجاجی مارچ کے دوران ہمارے لوگوں پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں، بشریٰ بی بی میرے ساتھ تھیں ان پر بھی حملہ کیا گیا، میں ان واقعات کی خود ایف آئی آر کٹواؤں گا۔
راہنما تحریکِ انصاف علی امین گنڈا پور نے کہا کہ حکمران سن لیں کہ پاکستان تحریکِ انصاف ایک سوچ اور ایک نظریہ ہے اور سوچ اور نظریے کو ایسے ہتھکنڈوں اور فسطائیت سے ختم نہیں کیا جا سکتا، احتجاج کے دوران ہمارے متعدد لوگ شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں، مجھ پر 9 مئی کے مقدمات درج ہیں، کوئی ایک ویڈیو دکھا دیں جہاں میں ہوں، جس ملک میں وزیرِ اعلٰی کو انصاف نہ مل سکے وہاں عام پاکستانیوں کی کیا اوقات ہے۔