فارمیشن کمانڈرز کانفرنس؛ مذموم سیاسی عزائم کے تحت مربوط پروپیگنڈا اور غلط معلومات کے پھیلاؤ پر اظہارِ تشویش

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرِ صدارت 2 روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس؛ مذموم سیاسی عزائم کے تحت مربوط پروپیگنڈا، غلط معلومات کے پھیلاؤ اور فوج کی دارالحکومت میں قانونی تعیناتی کے خلاف پروپیگنڈا پر اظہارِ تشویش۔

راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرِ صدارت 2 روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی سی پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرِ صدارت 2 روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف افسران اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی ہے جبکہ کانفرنس کے آغاز میں فورم نے شہداء کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی ہے۔

شہداء کو خراجِ عقیدت

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے پاکستان میں امن و استحکام کیلئے شہدائے افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء، پاکستانی شہریوں اور اسلام آباد میں حالیہ پُرتشدد مظاہروں میں جامِ شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے اور کشمیری عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور غزہ میں جاری مظالم کی پُرزور مذمت کی ہے اور غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی جارحیت کے خاتمہ کیلئے بین الاقوامی قانونی اقدامات کی بھی حمایت کی ہے۔

پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر شاہ کی زیرِ صدارت 2 روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کو اندرونی و بیرونی خطرات کے تناظر میں موجودہ صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے، شرکاء نے روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ بھی لیا ہے۔

انسدادِ دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز کا جامع تجزیہ

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے انسدادِ دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز کا جامع تجزیہ کیا ہے اور بلوچستان میں دہشتگردوں بالخصوص کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) مجید بریگیڈ کے خلاف آپریشن پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دشمن قوتوں کی ایماء پر کام کرنے والے دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو بےاثر کرنے کا عزم کیا ہے۔

دارالحکومت میں اہم سرکاری عمارتوں کی حفاظت

ترجمان پاک فوج کے مطابق 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے پاک فوج کی دارالحکومت (اسلام آباد) میں اہم سرکاری عمارتوں کو محفوظ بنانے اور قابلِ احترام غیر ملکی وفود کو دورہِ پاکستان کے دوران محفوظ ماحول فراہم کرنے کی غرض سے پاک فوج کی قانونی تعیناتی کے خلاف کیے جانے والے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پروپیگنڈا کی مذموم کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے کہا ہے کہ یہ مربوط اور پہلے سے تیار کردہ پروپیگنڈہ بعض سیاسی عناصر کے مذموم عزائم کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد پاکستان کے عوام، مسلح افواج اور اداروں کے درمیان دراڑ پیدا کرنا ہے، بیرونی عناصر کی مدد سے کیے جانے والے پروپیگنڈے کی ایسی مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: