اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم اپنے ہیروز کی خدمات کے معترف ہیں، عسکری قیادت نے دشمن کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی ہے، بھرپور اور مؤثر جواب سے دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا ہے، حالیہ کشیدگی کے دوران فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا جذبہ مثالی تھا، وطن کیلئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا جنرل عاصم منیر کو ’’بیٹن آف فیلڈ مارشل‘‘ کے اعزاز سے نوازنے کی تقریب سے خطاب
پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کو ’’بیٹن آف فیلڈ مارشل‘‘ کے اعزاز سے نوازنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ایک تاریخی اور قابلِ فخر دن ہے، ہم اپنے قومی ہیروز کی خدمات کے معترف ہیں، عسکری قیادت نے دشمن کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی ہے، بھرپور اور مؤثر جواب سے دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا ہے۔
افواجِ پاکستان نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا، حالیہ کشیدگی کے دوران فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا جذبہ مثالی تھا، وطن کیلئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ملکی خودمختاری اور سلامتی کیلئے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا کردار بہت اہم ہے۔
قوم کے بہادر سپوت جنرل عاصم منیر نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ’’بیٹن آف فیلڈ مارشل‘‘ کے اعزاز سے نوازنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ کے دوران فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے قائدانہ کردار ادا کیا اور قوم کے اس بہادر سپوت نے ایک نئی تاریخ رقم کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کو ’’بیٹن آف فیلڈ مارشل‘‘ کے اعزاز سے نوازنے کی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی جس میں صدرِ پاکستان آصف زرداری، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، صدرِ پاکستان مسلم لیگ (ن) و سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف اور وفاقی کابینہ کے ارکان شریک ہوئے۔
تقریب میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد شاہ، وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، ارکانِ پارلیمنٹ کی بڑی تعداد، سروسز چیفس، غیر ملکی سفارت کار، سول و عسکری حکام اور چاروں صوبوں کے گورنرز کے علاوہ گلگت بلتستان کے وزیرِ اعلیٰ اور گورنر بھی شریک ہوئے۔
صدرِ مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ’’بیٹن آف فیلڈ مارشل‘‘ کا اعزاز دیا جبکہ انہیں یہ اعزاز حالیہ پاک بھارت تصادم کے دوران ’’آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ اور ’’معرکہِ حق‘‘ میں جرأت مندانہ و بےمثال عسکری قیادت، ملکی سالمیت اور خودمختاری کے بھرپور دفاع اور دشمن کو جارحیت کے جواب میں کاری ضرب لگانے جیسی تاریخی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔