لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ 10 کی فاتح بن گئی، فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹس سے شکست دے کر تیسری بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیت لیا۔
پی ایس ایل فائنل کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کو صدر آصف علی زرداری وننگ ٹرافی دیتے ہوئے۔ pic.twitter.com/cPeBtuLpdG
— The Thursday Times (@thursday_times) May 25, 2025
پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کا فائنل معرکہ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز آمنے سامنے تھے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت مایہ ناز بیٹسمین سعود شکیل کر رہے تھے جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم مایہ ناز باؤلر شاہین آفریدی کی قیادت میں میدان میں اتری۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 201 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا، حسن نواز نے 43 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کے ساتھ 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، سری لنکن کھلاڑی اوشکا فرنینڈو نے 5 چوکوں کے ساتھ 22 گیندوں پر 29 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے آخری دو اوورز کے دوران 2 چوکوں اور 3 چھکوں کے ساتھ محض 8 گیندوں پر 28 رنز کی برق رفتار بیٹنگ سے مجموعی سکور 200 سے اوپر پہنچا دیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی نے 4 اوورز میں محض 24 رنز کے عوض 3 وکٹس حاصل کیں، حارث رؤوف نے 4 اوورز میں 41 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سلمان مرزا اکانومی کے لحاظ سے مہنگے ترین گیند باز ثابت ہوئے تاہم انہوں نے 2 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا، پاکستانی نژاد زمبابوین کھلاڑی سکندر رضا اور بنگلہ دیشی کھلاڑی رشاد حسین نے بالترتیب 43 اور 42 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف محض 4 وکٹس کے نقصان پر آخری اوور میں ایک گیند قبل چوکے کے ساتھ حاصل کر لیا، سری لنکن بلے باز کوشل پریرا نے 5 چوکوں اور 4 چھکوں کے ساتھ محض 31 گیندوں پر 62 رنز کی زبردست اود ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، اوپنر بلے باز محمد نعیم نے 27 گیندوں پر 46 رنز بنائے جس میں 1 چوکا اور 6 چھکے شامل تھے، عبداللّٰہ شفیق نے 28 گیندوں پر 4 چوکوں اور 1 چھکے کے ساتھ 41 رنز سکور کیے۔
پاکستانی نژاد زمبابوین مایہ ناز آل راؤنڈر سکندر رضا بٹ نے لاہور قلندرز کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، محض ایک روز قبل زمبابوے اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے اختتام کے بعد پاکستان سپر لیگ فائنل کے روز ہی پاکستان واپس پہنچنے والے سکندر رضا بٹ نے میچ کے آخری لمحات میں محض 7 گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں کے ساتھ 22 رنز کی دھواں دار اور ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور 19ویں اوور کی چوتھی گیند پر چھکے اور پانچویں گیند پر چوکے کے ساتھ مجموعی سکور 204 تک پہنچا کر لاہور قلندرز کو فتح دلائی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان طارق، ابرار احمد اور فہیم اشرف نے بالترتیب 38 اور 27 اور 49 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ محمد عامر اور خرم شہزاد کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
پاکستان سپر لیگ میں یہ لاہور قلندرز کی تسری ٹرافی ہے جبکہ اس سے قبل لاہور قلندرز 2022 اور 2023 میں مسلسل دو بار فائنل میں ملتان سلطان کو شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کے چیمپئن بن چکے ہیں۔