اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور ہم 24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے، بھارت یہ جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا، پاکستان کبھی بھارت کی اجارہ داری قبول نہیں کرے گا، بلوچستان میں دہشتگرد ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ ہیں اور ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینئر اساتذہ سے ملاقات
پاکستان کی بری فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینیئر اساتذہ سے ملاقات کی ہے جبکہ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اساتذہ کرام پاکستان کا بڑا سرمایہ ہیں، میں آج جو کچھ ہوں اپنے والدین اور اپنے اساتذہ کی بدولت ہوں، پاکستان کی آئندہ نسلوں کی کردار سازی اساتذہ کرام کی ذمہ داری ہے، اساتذہ نے پاکستان کی کہانی آئندہ نسلوں کو بتانی ہے۔
پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور ہم 24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
پانی کے مسئلہ (سندھ طاس معاہدہ) کے بارے میں بات کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور ہم 24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے، اللّٰه تعالیٰ نے معرکہِ حق میں پاکستان کی مدد فرمائی ہے اور یہ معرکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جب قوم آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اس قوم کو گرا نہیں سکتی۔
بھارت یہ جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔
آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا کوئی بھی سودا ممکن نہیں ہے، ہم کشمیر کو کبھی نہیں بھول سکتے، بھارت یہ جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا، بھارت نے کئی دہائیوں سے کشمیر کا مسئلہ دبانے کی کوشش کی ہے مگر وہ ناکام ہو چکا ہے، کشمیر ایک عالمی سطح کا مسئلہ ہے جس کو دبانا ممکن نہیں، پاکستان کبھی بھارت کی اجارہ داری قبول نہیں کرے گا۔
بلوچستان میں موجود دہشتگرد ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ ہیں۔
پاکستان کے آرمی چیف مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں موجود دہشتگرد عناصر کے بارے میں کہنا تھا کہ بلوچستان میں موجود دہشتگرد ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ ہیں اور ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں ہے، دہشتگردی بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے اور اس کی وجہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتے ہوئے مظالم اور ان کیلئے تعصب ہے۔
جو کوئی بھی ریاست کو کمزور کرنے کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرے اس کی نفی کریں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کو ایسی مضبوط ریاست بنانا ہے جس میں تمام ادارے آئین و قانون کے مطابق کام کریں اور کسی بھی سیاسی دباؤ اور مالی و ذاتی فائدے کے بغیر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں، جو کوئی بھی ریاست کو کمزور کرنے کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرے اس کی نفی کریں۔