معرکہِ حق بھارت کی یادداشت سے کبھی ختم نہیں ہو گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

معرکہِ حق بھارت کی یادداشت سے کبھی ختم نہیں ہو گا۔ اگر دشمن سمجھتا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر حملے برداشت کرے گا تو یہ اُسکی خطرناک غلط فہمی ہے۔ پاکستان بہرحال اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا دفاع کرے گا۔

کراچی (تھرسڈے ٹائمز) — فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، معرکہِ حق بھارت کی یادداشت سے کبھی ختم نہیں ہو گا، اگر دشمن سمجھتا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر حملے برداشت کرے گا تو یہ اُس کی خطرناک غلط فہمی ہو گی، پاکستان بہرحال اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا دفاع کرے گا، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، خطہ میں مستحکم امن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ناممکن ہے۔

آرمی چیف کی 123ویں مڈشپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ میں شرکت

پاکستانی بری فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر 123ویں مڈشپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن (ایس ایس سی) کورس کی کمیشننگ پریڈ میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے، اِس تقریب میں پاک بحریہ کے اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے جبکہ اِس موقع پر پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات بھی تقسیم کیے، کیڈٹ عبدالرحمٰن کیلئے اعزازی شمشیر

اِس موقع پر پاسنگ آؤٹ پریڈ میں فارغ التحصیل کیڈٹس سے ذمہ داریوں کا حلف لیا گیا، تقریب میں مہمان خصوصی فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور 123ویں مڈشپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن (ایس ایس سی) کورس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات بھی تقسیم کیے، پاکستان کے آرمی چیف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹ عبدالرحمٰن کو اعزازی شمشیر سے بھی نوازا۔

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا خطاب

آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میری ٹائم واریئرز‘‘ کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرنا میرے لیے اعزاز ہے، آج کی پریڈ میں کیڈٹس کا مثالی ٹرن آؤٹ اور پُرجوش انداز پاکستان نیول اکیڈمی کے اعلیٰ معیار کا مظہر ہے، کامیاب کیڈٹس کے پُراعتماد انداز میں ہماری قوم کی امیدیں اور توقعات سمٹ آئی ہیں، ایوارڈ جیتنے والے کیڈٹس اپنی شاندار کامیابیوں پر خصوصی تعریف کے مستحق ہیں۔

دوست ممالک (ترکی، بحرین، عراق، فلسطین اور جبوتی) کے کیڈٹس کو تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ میں دوست ممالک ترکی، بحرین، عراق، فلسطین اور جبوتی کے کیڈٹس کو تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، خطہ میں پاک بحریہ کیلئے میری ٹائم وار فیئر کے چیلنجز مسلسل بڑھ رہے ہیں، بحری جنگ کے میدان میں تبدیلی سے ہمیں ہم آہنگ ہونا ہو گا، پاکستان کیلئے مضبوط اور مؤثر میری ٹائم فورس برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔

آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے کیلئے کوششوں کی تلقین

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے مڈ شپ مین اور کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاک بحریہ کا حصہ بننے جا رہے ہیں جس کی پہچان اعلیٰ عسکری اخلاقیات و غیر معمولی مہارت اور بےمثال پیشہ ورانہ روایات ہیں، میں آپ کو تلقین کرتا ہوں کہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا اور ترقی کیلئے عوام و حکومت اور افواج کے درمیان مضبوط تعلق ناگزیر ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ہمارا دشمن متکبرانہ اور جارحانہ رویہ کا مسلسل مظاہرہ کر رہا ہے، بھارت اپنی فوجی طاقت اور قوم پرستی و جعلی سٹریٹجک اہمیت سے سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتا ہے۔

معرکہِ حق بھارت کی یادداشت سے کبھی ختم نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ’’معرکہِ حق‘‘ بھارت کی یادداشت سے کبھی ختم نہیں ہو گا، ہم کسی بھی قیمت پر اپنی دھرتی کے تحفظ کیلئے تیار ہیں، مسلح افواج کے بھارت کو پُرعزم جواب سے قومی وقار مضبوط ہوا ہے، بھارت نے غیر ذمہ دارانہ جارحیت کا ارتکاب کیا جس سے پورے خطہ کو خطرہ تھا، ہم نے بھارتی اشتعال انگیزی کے باوجود صبر و تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، چند برسوں میں بھارت نے 2 بار پاکستان پر بلاوجہ حملے کیے اور پاکستان نے دونوں بار بھرپور اور مؤثر جواب سے خطہ کو بڑے تنازع سے بچایا۔

اگر دشمن سمجھتا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر حملے برداشت کرے گا تو یہ اُس کی خطرناک غلط فہمی ہو گی۔

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہا کہ آج پاکستان خطے ’’نیٹ ریجنل سٹیبلائزر‘‘ کے طور پر جانا جاتا ہے، اگر دشمن سمجھتا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر حملے برداشت کرے گا تو یہ اُس کی خطرناک غلط فہمی ہو گی، ہم اپنی قومی طاقت میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں اور اگر کوئی دشمن یہ سمجھے کہ پاکستان کمزور ہے یا جواب نہیں دے گا تو وہ سخت غلطی پر ہے، اگر کوئی دشمن ہماری خودمختاری کو چیلنج کرتا ہے تو اُس کے نتائج کی ذمہ داری اُسی پر ہو گی اور وہ پورے خطہ کیلئے خطرناک ہو سکتی ہے۔

پاکستان بہرحال اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا دفاع کرے گا۔

آرمی چیف نے واضح انداز میں کہا کہ پاکستان بہرحال اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا دفاع کرے گا اور اس میں کسی قسم کی جھجک نہیں دکھائے گا، ہمارا قومی جذبہ آزمائشوں کے دوران اور بھی مضبوط ہوا ہے، آج ہم پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور پُرعزم ہیں۔
انہوں نے سورۃ البقرۃ کی آیت 249 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا؛ اللّٰه تعالیٰ فرماتا ہے ’’بارہا بڑی جماعت پر چھوٹی جماعت اللّٰه کے حکم سے غالب ہوئی ہے اور اللّٰه صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے‘‘۔

مقبوضہ جموں کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، کشمیر کے تنازع کو ختم نہیں بلکہ حل کرنا ہو گا، خطہ میں مستحکم امن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ناممکن ہے، جو یہ سمجھتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کی امنگوں کو دبا سکتے ہیں وہ غلطی پر ہیں، ہم حقِ خودارادیت کے حصول میں کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

error: