سینئر نائب صدراور چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے لاہور ایئرپورٹ کے باہر اپنے استقبال کیلئے آنے والے مسلم لیگی کارکنان، سپورٹرز اور ووٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا یے کہ میاں نواز شریف کو بار بار نکالا گیا لیکن ہر باراللہ تعالی کی مدد اور عوام کی طاقت سے نواز شریف پہلے سے بڑھ کر طاقت سے واپس آیا اور آج بھی نواز شریف پاکستان کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔
مریم نوازنے کہا کہ جولائی 2017 میں ایک ترقی کرتے ہوئے پاکستان میں اس وقت کے وزراعظم نواز شریف کو اقامہ کا بہانہ بنا کر نکالنا ایک قومی سانحہ تھا کیونکہ وہ دن اور آج کا دن ہے کہ پاکستان سنبھلنے میں ہی نہیں آرہا لیکن آپ سے وعدہ ہے کہ نواز شریف کا ترقی کرتا ہوا ماضی کا پاکستان واپس آئیگا اور نواز شریف کی قیادت میں ملک ایک مرتبہ پھر آگے بڑھے گا اور ترقی کی منازل طے کریگا۔
چیف آرگنائزر ن لیگ نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے آٹھ مہینے کا حساب بعد میں ہوگا پہلے پچھلے تحریک انصاف کے چار برس کا حساب کا ہوگا کیونکہ چار برس کی نااہلی اور نالائقی نے معیشت کو اس برے حال میں پہنچایا ہے لیکن اللہ تعالی کی مہربانی اور اسحاق ڈار پر یقین رکھو ان شا اللہ معیشت کو بری حالت سے نکالیں گے۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ انکو پتہ تھا کہ میری گلے کی سرجری ہونی ہے لیکن اسکے باوجود انہوں نے میرا پاسپورٹ واپس نہیں کیا ڈاکٹر نے مجھے کہا کہ تم بال بال بچی ہوکہ تمہارا کوئی نقصان نہیں ہوا اللہ تعالی نے کرم کیا اللہ نے ظلم اور جبر کے باوجود انکے آگے جھکنے نہیں دیا۔
رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو طعنے دینے والے سن لیں چند دن پہلے اپنی حکومتیں خود توڑیں اور رو بھی خود رہا ہے اب مزید رونے کی تیاری کرلو کیونکہ تمہیں ان شا اللہ باقی کی زندگی بھی رونا ہی پڑنا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے انجام کو پہنچے نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے تم سے انتقام نہیں لیا بالکہ تم اللہ تعال کی حساب کتاب کا نشانہ بنے ہو۔