وزیراعظم میاں شہباز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف کی جانب سے توثیق کے بعد کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے دوران مشورہ کیلئے سابق وزیراعظم نواز شریف سے رابطہ کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ سے انصاف کی توقع نہیں ہے کیونکہ یہ بینچ ثاقب نثار زدہ ججز پر مشتمل ہے۔ نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی قیادت کی اکثریت کے مطالبہ کے باوجود فل کورٹ تشکیل نہیں دیا جا رہا جو کہ ایک خاص ایجنڈے کی نشاندہی کرتا ہے لہذا اس تین رکنی بینچ کا بائیکاٹ کیا جائے۔
اجلاس میں مشاورت کے دوران اس تجویز پر بھی غور کیا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل سپریم کورٹ میں پیش ہو کر تین رکنی بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کریں اور عدالت کو کارروائی کے بائیکاٹ کے فیصلہ کے متعلق آگاہ کریں۔