سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ان کی جان کو موجودہ حکومت سے خطرہ ہے۔ یہ بات انہوں نے برطانوی آئی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہی۔
آئی ٹی وی کیمطابق عمران خان جنہیں گزشتہ برس عدم اعتماد کے ووٹ کے بعد وزارت عظمی سے ہاتھ دھونا پڑے، نے آئی ٹی وی کو بتایا کہ انہیں ان لوگوں کی طرف سے قاتلانہ حملے کا خطرہ ہے جو نہیں چاہتے کہ وہ دوبارہ اقتدار میں آئیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے وزارت داخلہ کے ذریعے ایک انتباہ جاری کیا ہے کہ میری جان کو کچھ غیرملکی ایجنسیوں کی جانب سے خطرہ ہے لیکن واضع ہے کہ مجھے اصل خطرہ کس سے ہے۔ عمران خان نے کہا کہ انکی جان کوحکومت میں موجود انہی لوگوں سے خطرہ ہے جنہوں نے اس سے قبل بھی انکو مارنے کی کوشش کی تھی۔
واضع رہے کہ پچھلے سال 3 نومبر کو، عمران خان پرحملہ ہوت تھا جس میں انکی ٹانگ میں گولی ماری گئی تھی جسے بڑے پیمانے پر قتل کی کوشش قرار دیا گیا تھا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ گذشتہ برس نومبر میں قاتلانہ حملے کی کوشش کرنے والے انہی تین افراد نے ہی 18 مارچ کو بھی انہیں “مارنے” کی کوشش کی، جب اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر انکے حامیوں کی پولیس کے ساتھ پرتشدد جھڑپ ہوئی تھی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ وہی تین افراد ہیں جن کے متعلق میں نے پیش گوئی کی تھی وہ مذہبی شدت پسندی کا بہانہ استعمال کر کے مجھے قتل کرنے کی کوشش کریں گے۔
سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ جب میں 18 مارچ کو اپنی عدالتی کارروائی میں شرکت کے لیے گیا تو مجھے بہت ہی مشکل سے بچنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ میرا زندہ بچ نکلنا بہت خوش قسمت تھا – یہ صرف ایک معجزہ تھا، یہ میری موت کیلئے بچھایا گیا بہترین جال تھا۔
عمران خان نے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے کیونکہ یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ جب بھی الیکشن ہوں گے میں اقتدار میں واپس آجاونگا اسلیے مجھے ختم کرنا ضروری ہے۔